0
Monday 15 Apr 2019 11:23

ہزارہ برادری کا وزیراعظم کے آنے تک دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان

ہزارہ برادری کا وزیراعظم کے آنے تک دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شدید بارش اور سرد موسم کے باوجود ہزارہ برادری کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے آنے اور مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی تک احتجاج ختم نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ جمعہ کو کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہزارہ برادری کے 7افراد سمیت 20افراد ہلاک اور 48 زخمی ہو گئے تھے۔ ہزارہ برادری اپنے تحفظ اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا مطالبہ کر رہی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک وزیر اعظم عمران خان آ کر یقین دہانی نہیں کرائیں گے، اس وقت تک وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ شہر کو ہائی وے سے منسلک کرنے والے مغربی بائی پاس پر ان مظاہرین نے دھرنا دیا ہوا ہے، یہ سڑک آمدورفت کے لیے بند ہے اور اس علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لیا ہوا ہے جہاں ان مظاہرین نے کیمپ قائم کیا ہوا ہے۔

مظاہرین کی نمائندگی کرنے والے ایڈووکیٹ طاہر ہزارہ نے وفاقی حکومت کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کے بعد وزیراعظم کے پاس کوئٹہ کا دورہ کر کے متاثرین سے ملنے کا کوئی وقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو گئی ہے جہاں دہشت گردوں نے ہزارہ برادری کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ’گزشتہ 10سال کے دوران ہم اپنے سینکڑوں چاہنے والوں کو کھو بیٹھے ہیں‘۔ ایڈووکیٹ طاہر نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو پارلیمنٹ میں سب کی مشاورت سے تیار کیا گیا تھا لیکن اس کے بہت سے نکات پر عمل نہیں کیا گیا، اسی وجہ سے دہشت گردوں کی جانب سے ہزارہ برادری کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے حوالے سے یقین دہانی کرائیں۔ مظاہرین نے عوام کے تحفظ میں ناکامی پر حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ صوبائی حکام نے مظاہرین سے رابطہ کر کے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے حوالے سے یقین دہانی کرائی لیکن انہوں نے اپنے مطالبات پورے کیے جانے تک دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ادھر مجلس وحدت مسلمین کے مزید کارکنان بھی احتجاج کا حصہ بن گئے ہیں اور انہوں نے ہزارہ برادری کے لیے اپنی مکمل سپورٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 788690
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش