0
Monday 15 Apr 2019 19:06

کوئٹہ کو مکمل طور پر فوج کے حوالے کیا جائے، علامہ نیاز نقوی

کوئٹہ کو مکمل طور پر فوج کے حوالے کیا جائے، علامہ نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے بلوچستان میں دہشتگردی کا الزام بھارت پر عائد کرکے حکمران اور ادارے اپنی جان چھڑا سکتے ہیں اور نہ ہی خود کو بری الذمہ قرار دے سکتے ہیں، بیگناہ معصوم شہریوں کے خونریزی پر فخر کرنیوالے دہشتگردوں کو جب رہا کر دیا جائے گا تو لوگوں کو دہشتگردی کے تانے بانے سمجھنے میں مشکل پیش نہیں آنی چاہیے۔ افسوسناک بات ہے کہ کوئٹہ کے شہدا کے لواحقین کی داد رسی کیلئے وزیراعظم ابھی تک نہیں گئے۔ عمران خان کو نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے انسانی جانوں کی قدر کا سبق سیکھنا چاہیے۔ ایک بیان میں علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے، جسے کوئٹہ میں ریاستی ادارے پوری کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خفیہ ایجنسیوں کی اتنی بڑی تعداد میں موجودگی کے باوجود دہشت گرد بم بارود کیساتھ کوئٹہ میں معصوم شہریوں کو قتل کرکے چلے جائیں اور پھر بھی وہ نامعلوم ہی رہیں تو ایسے اداروں کا شہریوں کو کیا فائدہ؟ کیا یہ صرف حکمرانوں کی حفاظت کیلئے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔ کوئٹہ چھوٹا سا شہر ہے، ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کو روکنے کیلئے مکمل طور پر فوج کے حوالے کر دیا جائے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ سوات وزیرستان سمیت پورے فاٹا کے مشکل علاقوں سے اگر دہشتگردوں کو ختم کیا جا سکتا ہے تو بہادر افواج پاکستان کوئٹہ جیسے چھوٹے سے شہر اور پورے بلوچستان سے بھی تخریب کاروں کو ختم کر سکتی ہیں۔ لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ عملی اقدامات کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 788785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش