0
Friday 19 Apr 2019 18:06

ایک طبقہ ہے جو جنوبی پنجاب کو حقیقت نہیں دیکھنا چاہتا، ملتان اور بہاولپور صوبے کی فضول بحث جاری ہے، شاہ محمود قریشی

ایک طبقہ ہے جو جنوبی پنجاب کو حقیقت نہیں دیکھنا چاہتا، ملتان اور بہاولپور صوبے کی فضول بحث جاری ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو معاشی چیلنجز ورثے میں ملے اور ملک کی معاشی حالت بتا کر قوم کو مایوس نہیں کرنا چاہتے۔ ملتان پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت پڑوسی ہے اور پڑوسی بدلا نہیں جاسکتا، زبان، ثقافت اور جغرافیہ نے ہمیں بھارت کے ساتھ جوڑ رکھا ہے، اس لئے اپنے ہمسائے سے لاتعلق نہیں ہوسکتے لیکن مسائل کا حل بھی ضروری ہے، دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں جو جنگ میں ایک دوسرے کو برباد کرسکتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومتیں کابینہ میں تبدیلی کرتی رہتی ہیں، پی ٹی آئی حکومت کو معاشی چیلنجز ورثے میں ملے، 19 بلین ڈالرز کا بلیک ہول (ن) لیگ حکومت چھوڑ کر گئی، آج بجٹ کی ایک بڑی رقم قرض ادا کرنے میں جا رہی ہے، ملک کی معاشی حالت بتا کر قوم کو مایوس نہیں کرنا چاہتے۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی وجہ سستا قرضہ ہے، اسد عمر سے قبل جتنے وزیر خزانہ رہے آئی ایم ایف کے پاس گئے، پاکستانی حکومت 16 بار آئی ایم ایف کے پاس گئی، جس میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن)، مشرف اور ضیا حکومت شامل ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ معاشی سفارت کاری ہم نے متعارف کرائی اور بھرپور کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوششیں پہلے سے جاری ہیں، پچھلی حکومتوں نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے کیا کوشش کی، بلوچستان میں دوبارہ امن تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، قوم کو پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو پہچاننا ہوگا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک طبقہ ہے جو جنوبی پنجاب کو حقیقت نہیں دیکھنا چاہتا، اور فضول بحث ہو رہی ہے کہ دارالحکومت ملتان ہو کہ بہاولپور، صحافی اپنے قلم اور الفاظ سے سازش اور شرارت کرنے والوں کو بے نقاب کریں، جنوبی پنجاب صوبے کے لئے صحافیوں کی مدد کا طلبگار ہوں۔
خبر کا کوڈ : 789510
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش