0
Sunday 21 Apr 2019 22:32

دہشتگردوں کا کوئی مذہب و دین نہیں، دہشتگرد صرف دہشتگرد ہوتے ہیں، جماعت اسلامی

دہشتگردوں کا کوئی مذہب و دین نہیں، دہشتگرد صرف دہشتگرد ہوتے ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو اور سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہولناک بم دھماکوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور کئی سو افراد کے زخمی ہونے والے واقعے پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور دین نہیں ہوتا، دہشتگرد صرف دہشتگرد ہوتا ہے، جن کا مقصد صرف خوف، دہشت اور تباہی پھیلانا ہوتا ہے، کولمبو میں معصوم اور نہتے لوگوں کا قتل عام انسانیت سے عاری اور وحشت و بربریت کی بدترین مثال ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم اس دکھ اور غم کی گھڑی میں سری لنکا کے عوام، خاص طور پر مسیحی برادری کے ساتھ ہیں، دہشتگرد دنیا میں کبھی مساجد اور کبھی گرجاگھروں پر حملے کرکے مذاہب کے درمیان نفرت اور انسانوں کو ہولناک جنگوں کے ذریعے برباد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی گذشتہ 20 سالوں سے دہشتگردی کا سامنا کر رہے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ ہمسایہ ملک اور عالمی طاقتوں کی جانب سے لگائی ہوئی دہشتگردی کی آگ نے پاکستانی عوام کو جو زخم دیئے ہیں، ہم کبھی نہیں بھول سکتے، اسلئے آج سری لنکا میں ہونے والی دہشتگردی میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ہمیں پوری ہمدردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جب تک دہشتگردی کو مذہب اور نسل سے الگ نہیں کرے گی، تب تک دہشتگرد اور ان کے سہولتکار اس طرح اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوتے رہیں گے، اس لئے مہذب دنیا کو چاہئے کہ دہشتگردی کو مذہب یا نسل سے جوڑنے کی بجائے صرف دہشتگرد کی نظر سے دیکھا اور نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیر، برما میں ریاستی دہشتگردی کو بھی دہشتگردی تسلیم کیا جائے اور متاثرہ مسلمانوں کی آزادی اور انکے انسانی حقوق کو بھی تسلیم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 789859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش