0
Wednesday 24 Apr 2019 00:49

امریکی اسرائیلی منصوبے "صدی کی ڈیل" کیلئے رائے عامہ ہموار کرنے کا کام محمد بن سلمان کی بجائے السیسی کے سپرد

امریکی اسرائیلی منصوبے "صدی کی ڈیل" کیلئے رائے عامہ ہموار کرنے کا کام محمد بن سلمان کی بجائے السیسی کے سپرد
اسلام ٹائمز- اسرائیلی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی سفارش پر امریکی-اسرائیلی منصوبے "صدی کی ڈیل" کے لئے عالمی رائے عامہ کی ہمواری کی ذمہ داری سعودی عرب کے ولی عہد "محمد بن سلمان" سے واپس لے کر مصر کے صدر "عبدالفتاح السیسی" کو سونپ دی گئی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی اس درخواست کو قبول کر لیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق عرب اخبار "رأی الیوم" نے لکھا ہے کہ اب عبدالفتاح السیسی مذکورہ منصوبے پر "اعتدال پسند" عرب ممالک کے ساتھ مذاکرات بھی کریں گے جبکہ اس منصوبے کی نمائندگی کے حوالے سے امریکی فیصلے میں ناگہانی تبدیلی گزشتہ سال ترکی میں واقع سعودی سفارتخانے میں سعودی عرب کے ولی عہد "محمد بن سلمان" کے ہاتھوں سعودی ناقد خبرنگار "جمال خاشگی" کے بہیمانہ قتل کی داستان کا طشت از بام ہو جانا اور سعودی عرب میں حکومت کی طرف سے بنیادی انسانی آزادی جیسے انسانی حقوق کی مسلسل پائمالی ہے جس پر امریکہ کے اندر بھی بڑے پیمانے پر عوامی مخالفت نے جنم لیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق گو کہ "السیسی" کی طرف سے بھی مصر میں انسانی حقوق کی کوئی پابندی نہیں کی جاتی لیکن اسرائیلی وزیر اعظم نے یہ کہہ ان کے حق میں گواہی دے دی ہے کہ السیسی نے ان ہزاروں صیہونیوں کی حفاظت کا کیا اپنا وعدہ سچ کر دکھایا ہے جنہوں نے گزشتہ سال کے دوران مختلف حوالوں سے مصر کا دورہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جھگڑا ختم کرنے کے لئے بنائے گئے امریکی-اسرائیلی منصوبے "صدی کی ڈیل" میں فلسطینی بےگھر خاندانوں (جن کی تعداد تقریبا 60 لاکھ ہے) کی اپنی سرزمین پر واپسی کے امکان کو سرے سے ختم کر کے ان کے لئے "ایک نئے وطن" کے انتخاب کو تجویز کیا گیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے فلسطینی دارالحکومت "القدس" کو اسرائیلی حکومت کا دارالحکومت تسلیم کر لینا اور امریکہ کا تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ القدس میں منتقل کرنے کا اعلان وغیرہ جیسے اقدامات بھی اسی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اٹھائے گئے ہیں جبکہ کہا جا رہا ہے کہ اسلامی مہینے رمضان کے بعد امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے اس خطرناک منصوبے "صدی کی ڈیل" کا اعلان کیا جائے گا۔


 
خبر کا کوڈ : 790305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش