0
Tuesday 7 May 2019 15:53

ہائیکورٹ:تحریک لبیک کے پیرافضل قادری کو مصدقہ معافی نامہ جمع کروانے کا حکم

ہائیکورٹ:تحریک لبیک کے پیرافضل قادری کو مصدقہ معافی نامہ جمع کروانے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ ہائیکورٹ میں  تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی اور پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت  پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ  واضح معافی نامہ کل تک جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس محمد قاسم خان اور جسٹس اسجد جاوید گورال پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران سی سی پی او  بی اے ناصر، ایس ایس پی ذیشان اصغر بھی موجود تھے۔ درخواستگزاران  کے وکلاء نے دلائل دینا شروع کئے تو جسٹس  محمد قاسم خان نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت پر کہا تھا کہ میڈیا کو بھی معافی نامے کی کاپی دے دیں۔ وکیل بولا معزز جج سے گزارش ہے کہ اس پر پردہ ہی رہنے دیں۔ جس پر جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ جب مائیک استعمال کر رہے تھے اُس وقت بھی سوچنا چاہئے تھا۔ عدالت نے درخواستگزار وکیل کو معافی نامہ کے مندرجات پڑھنے کی ہدایت کی۔ پیر افضل قادری کے وکیل نے معافی نامہ عدالت میں پڑھ کر سنایا۔
 
جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ معافی نامہ میں جو سخت الفاظ سے کیا کہا گیا ہے وہ کیا ہے۔ وکیل نے معافی نامہ کے مندرجات کی تفصیل پڑھ کر سنائی۔ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ پیر افضل قادری نے توعوام کو اُکسایا، جرنیلوں کے بارے میں ایسی باتیں بغاوت نہیں تو اور کیا ہے۔ وکیل بولا جرنیلوں اور اعلی عدلیہ کے بارے میں پیر افضل قادری نے معافی مانگ لی ہے۔ جسٹس اسجد جاوید گورال نے کہا کہ  اعلی عدلیہ کے ججز کو واجب القتل قرار دیا گیا۔ جسٹس قاسم خان نے وکیل سے استفسار کیا کہ اس وقت آپ کا کلائنٹ کہاں ہے۔ وکیل نے جواب دیا کہ وہ اس وقت پی آئی سی میں ہیں۔ عدالت نے کہا کہ معافی نامہ کے الفاظ واضح نہیں۔ اگر وہ واضح طور معافی نامہ دینا چاہتے ہیں تو اسے ڈاکٹر کی موجودگی میں لکھوا کر اوتھ کمشنر سے تصدیق کروا کر دیں۔ اگر وہ نہیں دینا چاہتے تو پھر میرٹ پر کیس کا فیصلہ کر دیں گے، اپنے کلائنٹ سے رابطہ کرکے پوچھیں کہ کیا وہ جرنیلوں اور اعلی عدلیہ کے بارے میں کہے گئے الفاظ واپس لینا چاہتے ہیں؟ اگر واضح معافی نامہ دینا چاہتے ہیں تو وہ اوتھ کمشنرسے تصدیق کروا کر کل پیش کریں۔
خبر کا کوڈ : 792770
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش