0
Sunday 12 May 2019 12:25

داعش کا بھارت میں اپنا "صوبہ" قائم کرنیکا دعویٰ

داعش کا بھارت میں اپنا "صوبہ" قائم کرنیکا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ دہشت گرد تنظیم "داعش" نے کشمیر کے متنازع خطے میں گروپ سے مبینہ تعلق کی بنا پر جنگجو کی ہلاکت کے بعد پہلی بار دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بھارت میں "صوبہ" قائم کر لیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی "رائٹرز" کے مطابق داعش کی "اعماق" نیوز ایجنسی نے "وِلایہ آف ہند" کے نام سے نئے صوبے کا اعلان کیا۔ نیوز ایجنسی کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ کشمیر کے ضلع شوپیاں اور آمشی پورا میں داعش کے حملوں میں بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔ داعش کا بیان بھارتی پولیس کے اس بیان سے مطابقت رکھتا ہے کہ شوپیاں میں کارروائی کے دوران علیحدگی پسند اشفاق احمد صوفی ہلاک ہوا۔ عراق اور شام میں پسپا ہونے کے بعد نئے صوبے کے قیام کا بیان داعش کی جانب سے اپنی طاقت ثابت کرنے کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔

شدت پسندوں کی نگرانی کرنے والے سائٹ اِنٹیل گروپ کی ڈائریکٹر ریٹا کاٹز نے کہا کہ "اس خطے میں صوبے کے قیام کا اعلان جہاں حقیقت میں اس کا کوئی کنٹرول نہیں ہے، مضحکہ خیز ہے، تاہم اسے معمولی نہیں سمجھا جا سکتا۔" انہوں نے کہا کہ "دنیا شاید اس پیشرفت کو نظر انداز کر دے لیکن اس طرح کے غیر محفوظ خطوں میں شدت پسندوں کے لیے مثبت علامت ہوسکتا ہے، جس سے انہیں داعش کی "خلافت" کا نقشہ دوبارہ تیار کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔" فوجی حکام اور داعش کے ہمدرد میگزین کو اشفاق احمد صوفی کے انٹرویو کے مطابق اشفاق احمد، داعش سے منسلک ہونے سے قبل ایک دہائی سے زائد عرصے تک کشمیر میں کئی علیحدگی پسند گروپوں میں شامل رہا۔ پولیس اور فوجی ذرائع کے مطابق وہ سکیورٹی فورسز پر دستی بموں کے کئی حملوں میں ملوث رہا۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اشفاق صوفی شاید وہ آخری شدت پسند تھا جو داعش سے منسلک تھا۔
خبر کا کوڈ : 793760
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش