0
Tuesday 14 May 2019 10:21

کوئٹہ بم دھماکے کا مقدمہ درج، شہداء کی نماز جنازہ ادا، بعض زخمیوں کی حالت نازک

کوئٹہ بم دھماکے کا مقدمہ درج، شہداء کی نماز جنازہ ادا، بعض زخمیوں کی حالت نازک
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں قتل،اقدام قتل اوردیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیاگیا ہے۔گزشتہ شب بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں پولیس وین کے قریب دھماکہ ہوا، جس سے  4 پولیس اہلکار شہید اور 9 افراد زخمی ہوئے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ رزاق چیمہ کے مطابق دھماکے سے زخمی ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار اور سات عام شہری شامل ہیں۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد الہدیٰ کے باہر کھڑی پولیس موبائل کے قریب ہوا۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ کوئٹہ کی منی مارکیٹ میں دھماکے  کے باعث  شہید ہونے والے چاروں پولیس اہل کاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن  کوئٹہ میں ادا  کی گئی۔ کوئٹہ دھماکے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے اور شہر میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ دھماکےمیں  شہید  ہونے والے اہلکاروں غلام نبی، محمد اسحاق، ذوالفقار اور مشتاق شاہ کی میتیں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ نماز جنازہ میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان، وزیر داخلہ میر خالد لانگو سمیت پولیس اور فرنٹیئر کور کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل پر نصب تھا اور دہشت گردوں کا نشانہ پولیس اہلکار تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں بم دھماکے سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ جام کمال نے دھماکے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک گھناؤنی سازش کے تحت صوبے اور ملک میں امن کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 794092
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش