0
Friday 17 Jun 2011 20:55

پاک فوج عوام اور امریکی و بھارتی طالبان کے بیچ کھڑی دیوار ہے، صاحبزادہ فضل کریم

پاک فوج عوام اور امریکی و بھارتی طالبان کے بیچ کھڑی دیوار ہے، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ پاک فوج عوام اور امریکی و بھارتی طالبان کے بیچ کھڑی دیوار ہے۔ اس دیوار کو ملک دشمن عناصر گرانے پر تلے ہوئے ہیں لیکن کروڑوں محب وطن عوام پاک فوج کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ریاستی اداروں کو بدنام کر کے بھارت اور امریکہ کو خوش کرنے والے غداروں کا محاسبہ کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ غوثیہ نوریہ سبزہ زار میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عسکری اداروں نے پاک سرزمین پر سی آئی اے کے مخبروں کے خلاف آپریشن کلین اپ کر کے امریکی غلامی سے نکلنے کا آغاز کر دیا ہے جو عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ پاکستان میں دھماکے کرنے والے را کے ایجنٹ اور سزا یافتہ بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کو رہا کیا گیا تو حکومت کو شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا، اس لیے حکومت بھارتی دہشت گرد کو رہا کرنے کا خیال دل سے نکال دے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ پاکستانی دریاﺅں سے بھارتی قبضہ چھڑوانا وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ، یورپ اور اسرائیل جیسی قوتیں پاکستان کو بھارت کا دست نگر بنانا چاہتی ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ اگر تین ماہ کے اندر دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کئے گئے اور طرز حکمرانی تبدیل نہ ہوا تو سنی اتحاد کونسل رمضان المبارک کے بعد تحریک نجات شروع کر دے گی اور 11 ستمبر کو کراچی سے اسلام آباد تک ہونے والا ٹرین مارچ امریکہ کے غلام حکمرانوں کا دھڑن تختہ کر دے گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ کراچی کے حالات کی خرابی میں امریکی و بھارتی طالبان کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم، اے این پی اور پی پی پی مل کر کراچی میں امن قائم کریں اور اپنی صفوں سے قانون شکن فسادی عناصر کو خارج کریں۔
خبر کا کوڈ : 79447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش