0
Tuesday 21 May 2019 21:26

ہڑتال ختم، کل تمام ہسپتالوں میں او پی ڈی کھلے رہیں گے

ہڑتال ختم، کل تمام ہسپتالوں میں او پی ڈی کھلے رہیں گے
اسلام ٹائمز۔ صوبائی حکومت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ڈاکٹروں نے گزشتہ آٹھ نو روز سے جاری اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان دیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کل تمام ہسپتالوں میں او پی ڈی کھلے رہیں گے اور ڈاکٹر صاحبان آپنے ڈیوٹیوں پر جائیں گے۔ وزیراعلی ہاؤس میں ڈاکٹروں کے نمائندوں اور وزیراعلی محمود خان کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، چیف سیکرٹری، سیکریٹری ہیلتھ، کمشنر پشاور، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی اور خیبر پختونخوا ڈاکٹرز کونسل کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ مذاکرات کے دوران مختلف ایشوز پر بات چیت ہوئی اور اور اہم معاملات طے کیے گئے جس کے بعد ڈاکٹروں نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ بیان کے مطابق مذاکرات میں طے ہوا کہ جو ڈاکٹر ضیاء الدین اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام کے بیچ میں ہوا اور اس کے بعد ٹاؤن تھانے میں ڈاکٹروں کے ساتھ جو تشدد کا واقعہ پیش آیا ان دونوں پر کمشنر پشاور اور ہوم سیکرٹری کے سربراہی میں کمیٹی بنی جو چار ہفتوں میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ جن ڈاکٹروں کو شوکازنوٹس جاری ہوئے ہیں وہ واپس کیے جائیں گے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ریجنل ہیلتھ اتھارٹی پر عمل درآمد اس وقت تک روک دیا گیا جب تک منسٹیریل کمیٹی اس پر رپورٹ پیش نہیں کرتی، بیان کے مطابق یہی ڈاکٹروں کا سب سے بنیادی مطالبہ تھا۔ کمیٹی میں ڈاکٹر تنظیم کے نمائندے بھی شامل ہونگے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ڈی ایچ اے اور ار ایچ اے کا ڈرافٹ ڈاکٹروں کو دیا جائے گا جس میں ڈاکٹرز اپنی تجاویز دیں گے۔
 
دریں اثناء سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایم ٹی آئیز میں بےقاعدگیوں اور اس پر تحفظات کو دور کرنے کے لیے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی جو چار سے چھ ہفتوں میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ مزید براں اجلاس میں بڑے پیمانے پر ڈومیسائل بیسز پر جو پوسٹنگ ٹرانسفرز کے حوالے سے ڈاکٹروں کے تحفظات اور اعتراضات کو دور کرنے کے لیے محکمہ صحت کی سطح پر تحفظاتی کمیٹی کی تشکیل پر بھی اتفاق ہوا۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی اینڈ ہراسمنٹ ایکٹ جو پچھلی حکومت میں کابینہ سے منظور ہوکر اسمبلی بھجوایا گیا تھا اس کو واپس کر کے ضروری ترامیم کے بعد مکمل اتفاقِ رائے سے دوبارہ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وزیر اعلی محمود خان نے ڈاکٹروں کے تمام جائز مطالبات سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ڈاکٹروں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا چاہتی ہے ان کو سہولیات دینا چاہتی ہے کیونکہ ڈاکٹر اسی معاشرے کا حصہ ہیں، ہمارے بچے ہیں، ہمارے بھائی ہیں، ہمارے بڑے ہیں اور میں چاہتا ہوں کے میری حکومت میں ڈاکٹروں کی عزت ہو مگر ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات بھی میسر ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے جو واقعہ ہوا ہے اس پر افسوس بھی ہے اور یہ واقعہ ذاتی طور پر ہوا ہے اس لئے پختون روایت کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ہار اور جیت کی بات نہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ ڈاکٹروں کی بات سنیں بھی اور ڈاکٹروں کے مسائل کو حل بھی کریں۔ خیال رہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے بنیادی مطالبات میں سے ایک صوبائی وزیر صحت کے استعفے کا مطالبہ تھا، ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز جس سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 795575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش