0
Friday 24 May 2019 09:01

بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی نہ کرنے کا انتباہ

بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی نہ کرنے کا انتباہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے بھارت کو جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے سے متعلق خبردار کیا ہے اور یاد دہانی کروائی ہے کہ ایسے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف کسی بھی اقدام کو مسترد کرتا ہے، اصولی طور پر بھارت کے زیرانتظام کشمیر کی حیثیت میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت رائے شماری کے انعقاد سے قبل کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ خیال رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) جس نے حال ہی میں بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور دوسری مدت کے لیے اقتدار میں آئے گی، اس جماعت نے بھارتی آئین میں مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کا کہا تھا۔ بی جے پی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق ایک اور آرٹیکل 35 اے میں بھی تبدیلی کے ارادے کا اظہار کیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز نے حالیہ کارروائیوں میں شوپیاں، پلوامہ، کلگام اور بھدروا کے اضلاع میں 14 کشمیریوں کو شہید کیا۔ انہوں نے آل پارٹیر حر یت کانفرنس کے رہنماؤں سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کیے جانے اور 21 مئی کو عید گاہ میں شہداء قبرستان کی جانب مارچ سے روکنے کے لیے سری نگر میں قانون نافذ کرنے کی شدید مذمت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 'ہم پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما مسرت عالم بھٹ کی غیرقانونی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، جو بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں غیر قانونیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بدترین مثال ہے'۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے سینئر حریت رہنماؤں کی صحت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باوجود جن میں محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بھٹ، ڈاکٹر حمید فیاض، سیدہ عائشی اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، محمد ایاز اکبر، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، مہراج الدین کنول ، فاروق احمد ڈار سمیت نئی دہلی کی تہار جیل اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں قید ہزار سے زائد حریت رہنماؤں، کارکنان اور طلبا کی غیر قانونی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیری رہنماؤں کو قید کرنے اور پابندیاں نافذ کرنے سے مسئلہ کشمیر کی حقیقت اور بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے ہر شہری کے دل میں موجود نظریے کو ختم نہیں کیا جا سکتا نہ ہی آزادی کے لیے کوششیں کرنے والے شہداء کی یاد کو مٹایا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 795980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش