0
Friday 24 May 2019 21:21

میری خواہش ہے ہر شخص قرآن کریم سے وابستہ ہو جائے، صمصام بخاری

میری خواہش ہے ہر شخص قرآن کریم سے وابستہ ہو جائے، صمصام بخاری
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں کے وفد کی صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری سے ملاقات۔ وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات کو قائد منہاج القرآن ڈاکٹر طاہر القادری کی تالیف قرآنی انسائیکلو پیڈیا کا سیٹ تحفے میں دیا اور انہیں تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کے وزٹ کی دعوت دی۔ سید صمصام بخاری نے شہر اعتکاف کے وزٹ کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ 3 جون کو شہر اعتکاف آ ئیں گے۔ وفد میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن شہزاد رسول قادری، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالحفیظ چودھری، حاجی محمد اسحاق اور ثاقب بھٹی شامل تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہر شخص قرآن حکیم سے جڑ جائے، ڈاکٹر طاہر القادری کی تالیف قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے مطالعہ سے اللہ کے کلام کو سمجھنے میں آسانی ہو گی، قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے مطالعہ سے قرآن پاک کا امن و آشتی ،حقوق و فراءض پر مبنی پیغام عام ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تالیف  پر شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ انسائیکلو پیڈیا ہر گھر میں ہونا چاہیے اس کے مطالعہ سے انسان کویہ جاننے میں آسانی ہو جائے گی کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کس بات کا تقاضا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی و تجدیدی خدمات عالم اسلام کیلئے تاریخی اثاثہ ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قرآن و سنت پر مبنی جتنا علمی کام پاکستانی قوم و عالم اسلام کیلئے کیا وہ قابل تحسین ہے۔ قرآنی انسائیکلو پیڈیا ڈاکٹر طاہر القادری کی عظیم علمی، تحقیقی اور دینی کاوش ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اجتماعی اعتکاف کے تصور کو عملی شکل دے کر تربیت کا بہت عظیم انسٹیٹیوٹ بنا دیا ہے، میں 3 جون کو شہر اعتکاف کا مہمان بنوں گا اور شہر اعتکاف کے مکینوں کے ساتھ مل کر ملکی سلامتی و استحکام کیلئے دعا کروں گا۔

سید صمصام بخاری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت، سلامتی اور لمبی عمر کیلئے دعاگو ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے نوجوانوں کے دلوں میں محبت رسول ﷺ کے چراغ جلائے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی سینکڑوں کتب، ہزاروں خطابات اسلام اور امت مسلمہ کیلئے خدمت کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی علم اور امن میں ہے، مجھے خوشی ہے تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوان نسل کو علم اور امن کی تعلیم دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم اور امن کے فروغ کیلئے حکومت کیساتھ ساتھ تمام طبقات اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ میری اولین کوشش ہے کہ سوسائٹی کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے نوجوانوں پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلیں۔ وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات کو تحریک منہاج القرآن کی فلاحی و علمی خدمات پر بریفننگ دی۔
خبر کا کوڈ : 796122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش