0
Saturday 25 May 2019 10:40

ریاست کے اندر تعمیروترقی کا پہیہ جام ہو چکا ہے، بیرسٹر سلطان

ریاست کے اندر تعمیروترقی کا پہیہ جام ہو چکا ہے، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم مودی کو کشمیریوں کا قاتل سمجھتے ہیں، مودی مقبوضہ کشمیر کے علاوہ بھارت میں موجود اقلیتوں پر بھی مظالم کرتا رہا ہے۔ بھارت کے حالیہ الیکشن میں مودی کی اکثریت نے دنیا بھر میں بھارت کے سیکولر ریاست ہونے کے دعوے کو ملیامیٹ کر دیا ہے، بھارت دعوے کرتا تھا کہ وہ سب سے بڑی سیکولر جمہوریت ہے حالیہ الیکشن کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ بھارت ہندوئوں کی سب سے بڑی آمریت ہے وہاں مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں سمیت دیگر مذاھب سے تعلق رکھنے والوں کی کوئی شنوائی نہیں، بھارت کے موجودہ الیکشن نتائج کے بعد بھارت عالمی سطح پر مزید ایکسپوز ہوا ہے، مودی اگرچہ دوبارہ اقتدار میں آ گیا ہے مگر کشمیر ایشو کے حوالے سے اس پر بین الاقوامی برادری کا دبائو مزید بڑھے گا۔ کشمیر پر بات چیت دوبارہ شروع ہو گی، ہمارے قائد عمران خان کے کشمیر ایشو کے حوالے سے نظریات بڑے کلیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کوٹلی سٹی میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر مسلم لیگ نواز کی حکومت اندرونی خلفشار کا شکار ہے وزراء آپس میں لڑ رہے ہیں، راجہ فاروق کی حکومت پر گرفت ڈھیلی ہو چکی ہے، ریاست کے اندر تعمیروترقی کا پہیہ جام ہو چکا ہے، میرٹ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی، اقربا پروری کا دور دورہ ہے۔ راجہ فاروق حکومت کا اندرونی اختلاف کسی بھی وقت حکومتی خاتمے کا باعث بن سکتا ہے اس لیے پی ٹی آئی کشمیر کے کارکنان خود کو انتخابات کے لیے تیار کر لیں۔

افطار ڈنر کی صدارت ملک نثار نے کی۔ افطار ڈنر سے چوہدری خورشید، سابق وزیر صحت رفیق نیر، ڈاکٹر نثار انصر ابدالی، چوہدری سردار رازق، خواجہ عطاء محی الدین قادری، مبشر طفیل، ملک مبشر عادل، عتیق چوہدری، چوہدری اکرم چٹھہ، قمر گیلانی، انور شہزاد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کوٹلی سٹی کے اندر موسم کی خرابی کے باوجود کامیاب افطار ڈنر پر ملک نثار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کشمیر ضلع کوٹلی کی پانچوں سیٹیں جیتے گی، ہم برسر اقتدار آ کر کوٹلی کی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ وفاقی حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں آزادکشمیر کے عوام کا برابر حصہ رکھا گیا ہے، انصاف ہیلتھ کارڈ بے نظیر انکم سپورٹ کے تحت آزادکشمیر کے نادار لوگوں کی مدد کی جائے گی، عمران خان نے ایک کروڑ ملازمتوں کا وعدہ کیا ہے اس میں پانچ لاکھ ملازمتیں آزادکشمیر میں دی جائیں گی، پانچ لاکھ ملازمتیں آزادکشمیر سے بے روزگاری کا مکمل خاتمہ کر دیں گی۔
خبر کا کوڈ : 796167
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش