0
Tuesday 28 May 2019 14:14

بونیر میں ایک اور حوا کی بیٹی غیرت کے نام پر قتل

بونیر میں ایک اور حوا کی بیٹی غیرت کے نام پر قتل
اسلام ٹائمز۔ ضلع بونیر میں پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق پیربابا کے مضافاتی علاقے چلانڈیری میں ایک جوان سال لڑکی کی لاش ویرانے میں پڑی تھی جس کی اطلاع مقامی پولیس کو دی گئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر ھسپتال پیربابا پاچا کلی پہنچایا۔ اس حوالے سے پولیس کے ایک اہم عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ مقتولہ نے چند ماہ قبل ایک نوجوان سے کورٹ میرج کیا تھا جس کا لڑکی کے گھر والوں کو شدید رنج تھا۔ ذرائع کے مطابق پیر کے روز لڑکا لڑکی کے ہمراہ مقامی عدالت ڈگر میں اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کے سلسلے میں آئے تھے، جہاں سے عدالت نے لڑکے کی ضمانت قبل از گرفتاری کو کنفرم کیا۔ ادھر ایک اور ذرائع نے ٹی این این کو بتایا کہ جب لڑکا اور لڑکی عدالت سے واپس آرہے تھے تو مبینہ طور پر کچھ افراد لڑکی کو زبردستی اٹھا کر گاڑی میں ڈال کر چلتے بنے جس کے چند گھنٹے بعد لڑکی کی لاش ویرانے سے ملی۔ اس سلسلے میں جب پیربابا تھانہ کے ایس ایچ او سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے لڑکی کی قتل کی تصدیق کی اور کہا کہ اس سلسلے میں تفتیش شروع کر دی ہے اور صورت حال جلد سامنے آجائے  گی۔ ذرائع کے مطابق لڑکی کو مبینہ طور پر اُن کے باپ اور بھائی نے قتل کیا اور لڑکی کے والد عالمزیب پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ بھائی فرار ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس ماہ ضلع بونیرمیں غیرت کے نام پر قتل کا یہ دوسرا واقع ہے۔ ایک ہفتہ قبل بھی حوا کی ایک بیٹی کو تھانہ ڈگرکے حدود میں اسلحہ آتشیں سے قتل کیا گیا تھا جس میں مقامی پولیس نے مقتولہ کے بھائی، بھابھی اور ماموں کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو مقتولہ کے بھائی بھابھی اور ماموں نے اقبال جرم کرلیا۔ دوسری جانب علاقہ میں آئے روز غیرت کے نام پر قتل سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 796725
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش