0
Tuesday 28 May 2019 23:47
صدی کی ڈیل کرنیوالے عرب حکمران امریکی کاسہ لیسی بند کریں

یوم القدس کے اجتماعات فلسطینی مظلوموں کی دادرسی کی مضبوط اور توانا صدائے احتجاج ہیں، علامہ باقر زیدی

ہم صدی کی ڈیل نامی جعلی معاہدہ کو مسترد کرتے ہیں
یوم القدس کے اجتماعات فلسطینی مظلوموں کی دادرسی کی مضبوط اور توانا صدائے احتجاج ہیں، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے تنظیم کے دیگر رہنماوں بشمول سید علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن،  علامہ علی انور جعفری اور دیگر کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو دنیا بھر میں فلسطینیوں سے یکجہتی اور مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے ’’عالمی یوم القدس‘‘ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس کا آغاز ایران کے اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی رح کے فرمان پر شروع ہوا جو پوری دنیا میں بلا کسی تفریق رنگ و نسل اور مذہب کے صرف اور صرف فلسطینیوں کی حمایت اور قبلہ اول کی صیہونیوں کے چنگل سے آزادی کی عالمی تحریک کے عنوان سے منایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم القدس اور اس کے اجتماعات دراصل مسلم دنیا کی وحدت کی نشانی ہونے کے ساتھ ساتھ فلسطینی مظلوموں کی دادرسی کی مضبوط اور توانا صدائے احتجاج ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فلسطین کاز کو مضبوط اور توانا بنانے کے لئے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان یوم القدس جیسے عالمی پروگراموں کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے۔

علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ اس سال بھی رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی یوم القدس منایا جائے گا اور ملک بھر کی طرح سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس کی ریلیاں اور احتجاجی مظاہروں سمیت کانفرنسز اور اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام یوم القدس کے اجتماعات میں مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ شریک ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین دور حاضر میں سنگین حالات سے گزر رہا ہے اور امریکی سامراج چاہتا ہے کہ صدی کی ڈیل نامی معاہدے کے تحت فلسطین کے باسیوں کو فلسطین سے بے دخل کر دیا جائے اور خطے میں موجود صہیونیوں کی غاصب اور جعلی ریاست اسرائیل کو مقبوضہ فلسطین کا مکمل مالک قرار دیا جائے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ اور مغربی ممالک فلسطین کے خلاف اپنی ناپاک سازشوں میں مصروف عمل ہیں، تاہم انتہائی شرمناک اور افسوس ناک بات یہ ہے کہ عرب دنیا کے حکمران امریکی صدر کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں اور عرب حمیت کا سودا کرنے کے ساتھ ساتھ انبیاء علیہم السلام کی مقدس سرزمین فلسطین کا سودا بھی کر رہے ہیں۔

علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ ہم صدی کی ڈیل نامی جعلی معاہدہ کو مسترد کرتے ہیں کہ جسے امریکہ بحرین میں ایک کانفرنس میں پیش کرنے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور القدس پورے کا پورا بغیر کسی تفریق کے پورے ہی فلسطین کا دارالحکومت تھا اور ہے اور رہے گا۔ علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ امریکہ سمیت کسی بھی حکومت کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ فلسطین کے مستبقل کا فیصلہ کرے، بلکہ فلسطین کا آسان راہ حل بھی یہی ہے کہ تمام اکائیوں کو ساتھ ملاکر القدس کی بازیابی کی تحریک کو مضبوط بنایا جائے۔ کانفرنس کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے یوم علی (ع) کے موقع پر سندھ بھر میں سیکیورٹی کے بہتر اقدامات کرنے پر پولیس، لاء انفورسمنٹ ایجنسیز اور سندھ حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 796790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش