0
Wednesday 29 May 2019 14:30

نرالے چور ہیں، حساب دینے کے بجائے آنکھیں دکھاتے ہیں ، مراد سعید

نرالے چور ہیں، حساب دینے کے بجائے آنکھیں دکھاتے ہیں ، مراد سعید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ میری بستی کے چور نرالے ہیں کیونکہ وہ اپنی چوری کا حساب دینے کے بجائے کوتوال کو ڈانٹتے اور آنکھیں دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی نگلی ہوئی دولت اگلنے کے علا وہ ان کے پاس نجات کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کے جاری کردہ بیانات پر انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کو کسی سیاسی مقدمے کی پیروی کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً چوری اور لوٹ مار کی واردات میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے استفسار کیا کہ کرپشن جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو کیسے اجازت دی جا سکتی ہے کہ وہ مشتعل جتھوں کے ساتھ پیشیوں پر آئیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں نیب کے دفتر پر یلغار دراصل دباؤ بڑھانے اور احتساب کے عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ جمہوریت کے نقاب میں چوروں کا ٹولہ سڑکوں پر تماشے لگانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم جمہوریت کی اوٹ میں چھپ کر احتساب سے بچنے اور قوم کو بیوقوف بنانے کے بھی خواہشمند ہیں۔ مواصلات کے وفاقی وزیر مراد سعید نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاتی امرا کے ٹھگوں کا احتساب کیا گیا تو انہیں ووٹ کی حرمت یاد آگئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخالفین کے پاس اپنی سیاہ کاریوں کا نہ کوئی جواب تھا اور نہ ہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سیعد نے کہا کہ چوری بچانے کے لیے  جمہوریت کو ڈھال بنانا شرمناک، قابلِ مذمت اور جمہوریت کی ساکھ تباہ کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر یہ یقین دہانی کرارہے ہیں کہ جتنے مرضی تماشے کرلیں حکومت کو کسی دباؤ میں نہیں لا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 796898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش