0
Friday 31 May 2019 06:42

اسلامی ممالک قدس اور مسجد الاقصی کی آزادی کیلئے فوری طور پر اپنا فعال کردار ادا کریں، حماس کا او آئی سی سے مطالبہ

اسلامی ممالک قدس اور مسجد الاقصی کی آزادی کیلئے فوری طور پر اپنا فعال کردار ادا کریں، حماس کا او آئی سی سے مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی رہنما اسمعیل ھنیہ نے  "اسلامی تعاون تنظیم" (OIC) اور اس کے معمول کے 14ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے اسلامی ممالک کے سربراہان کو بھیجے گئے اپنے ایک پیغام میں "قدس شہر"، "مغربی کنارے" اور "غزہ کی پٹی" میں بڑھتی اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں  فلسطین کو درپیش خطرات و چیلنجز کی وضاحت اور امریکہ کی طرف سے مکمل طور پر اسرائیل کی طرفداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے امریکی حکومت مشکوک کردار ادا کر رہی ہے اور اس کوشش میں ہے کہ مسئلہ فلسطین کو سرے سے ختم اور فلسطینی قوم کے حقوق کو پائمال کرنے کے لئے مختلف قسم کے منصوبے لاگو کرے۔

اسمعیل ھنیہ نے اسلامی ممالک کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ اپنے جاری اجلاس میں فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے روٹ میپ کو واضح کرتے ہوئے پوری فلسطینی قوم کے حقوق کی بحالی کی خاطر ایک واضح اسلامی موقف کا اعلان کریں۔ مزید برآں انہوں نے قدس شریف، مسجد اقصی اور دوسرے اسلامی و عیسائی مقدس مقامات کے دفاع، صیہونی رژیم کی نسل پرستی پر مبنی سیاست کے مقابلے اور اسرائیلیوں کے جارحانہ و مجرمانہ اقدامات کے خاتمے کی خاطر فوری طور پر اپنا تعمیر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

حماس کے سیاسی رہنما اسمعیل ھنیہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے "صدی کی ڈیل" کے عنوان سے لاگو کئے جانے والے تمامتر منصوبے غیرقابل قبول جبکہ فلسطینی قوم کے حقوق مستقل ہیں جو مذاکرات کے قابل نہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم جہاں بھی موجود ہو، ایسے کسی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے نہیں دے گی جبکہ وہ اپنی سرزمین اور اپنے مقدس مقامات کی حفاظت کی خاطر ہر ممکنہ رَستے کو اپنائے گی۔

حماس کے سیاسی رہنما اسمعیل ھنیہ نے مزید کہا کہ فلسطینی بےگھر عوام کا اپنی سرزمینوں پر واپسی کا حق مستقل ہے جس میں کسی کو تبدیلی کا حق حاصل نہیں۔ انہوں نے "اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کو ریلیف پہنچانے اور تعمیرات کرنے کی تنظیم" (UNRWA) کی 50 لاکھ سے زائد فلسطینی پناہ گزینوں کی خدمت جاری رکھنے کی خاطر کھل کر مدد کرنے اور فلسطینی پناہ گزینوں کو فلسطین سے باہر کسی بھی مقام پر یا کسی بھی متبادل وطن میں رہائش دیئے جانے کے منصوبے کی کھل کر مخالف کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔اسمعیل ھنیہ نے اسلامی ممالک کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے انسانیت سوز محاصرے اور پورے خطے میں جاری مختلف قسم کے انسانی بحرانوں کے خاتمے کے لئے فوری طور پر اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 797155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش