0
Friday 31 May 2019 22:05

انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے یوم القدس و یوم کشمیر کی تقریبات

انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے یوم القدس و یوم کشمیر کی تقریبات
اسلام ٹائمز۔ آج یوم القدس و یوم کشمیر کے موقعہ پر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے کشمیر کے طول و عرض میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ کشمیر کے متعدد مقامات پر جمعۃ الوداع کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اور دنیا کے مظلوم اقوام بالخصوص فلسطینی مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جلوس نکالے گئے، جن مقامات پر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے جلوس ہائے قدس برآمد کئے گئے ان میں بڈگام، حسن آباد سرینگر، یاگی پورہ ماگام، چاڈورہ، سٹھسو کلان، نوگام سوناواری، سنہ پاہ بیروہ، اندرکوٹ سمبل، چھترگام، صوفی پورہ پہلگام، وکھرون پلوامہ وغیرہ شامل ہیں۔ جمعۃ الوداع کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہوا، جہاں تنظیم کے صدر اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں ہزاروں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی۔

اس موقعہ پر آغا سید حسن نے جمعتہ الوداع کی فضیلت پر مفصل روشنی ڈالی اور عالمی یوم القدس کی اہمیت بیان کی۔ بعد ازاں آغا سید حسن کی قیادت میں ایک عظیم الشان جلوس قدس برآمد کیا گیا، جس میں ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی۔ مین چوک بڈگام میں جلوس قدس سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ جمعۃ الوداع حصول بخشش اور مغفرت الٰہی اور دعاوں کے استجابت کا عظیم المرتبت دن ہے۔ اس مبارک دن کے فیوض و برکات کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔ انقلاب اسلامی ایران کے بانی رہبر کبیر حضرت امام خمینی (رہ) نے ایک مدبرانہ حکمت کے تحت اسی مبارک دن کو یوم القدس یا یوم مظلومین کے طور پر منانے کی تاکید فرمائی تاکہ امت مسلمہ کی توجہ قبلہ اول کی باز یابی، فلسطین کی آزادی اور ظلم و تسلط کے خلاف برسر جدوجہد مظلوم اقوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے ایمانی فریضے کی طرف مبزول کرائی جاسکے۔

آغا سید حسن نے کہا کہ مظلوم اقوام سے اظہار یکجہتی اور انکی حتی الامکان نصرت و حمایت اور ظالم قوتوں سے نفرت و بیزاری ایک اسلامی فریضہ اور مسلمان کا جز ایمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی سب سے بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ ان پر مسلط حکمران استکباری قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور یہی صورت حال مظلوم مسلمان قوموں کی کامیابی میں سدراہ بنی ہوئی ہے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ انقلاب اسلام ایران نے نہ صرف دنیائے اسلام کی توجہ امریکہ اور اسرائیل کے اسلام دشمن منصوبوں اور گھناونے عزائم کی طرف مبذول کرائی بلکہ ایران کے عزم و استقامت نے امریکہ کے گریٹر اسرائیل کے خواب کو ہمیشہ کے لئے چکنا چور کر کے رکھ دیا ہے جو اسرائیل اپنے تمام پڑوسی عرب ممالک پر تسلط اور انہیں اسرائیل میں ضم کرنے کے خواب دیکھ رہا تھا آج وہی اسرائیل دفاعی پویشن پر آکھڑا ہوا ہے اور ایران سے اتنا خوف زدہ ہو رہا ہے کہ امریکہ کو ایران کے ساتھ جنگ پر اکسا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 797291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش