0
Sunday 2 Jun 2019 17:58

جب تک سرائیکی صوبہ نہیں بنے گا ہم خاموش نہیں رہینگے، سرائیکی رہنما

جب تک سرائیکی صوبہ نہیں بنے گا ہم خاموش نہیں رہینگے، سرائیکی رہنما
اسلام ٹائمز۔ سرائیکستان صوبہ محاذ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ نواب مظفر خان کی قربانی رنگ لائے گی اور وسیب کے لوگ اپنی مکمل حدود اور شناخت کے مطابق صوبہ سرائیکستان بہت جلد حاصل کریں گے، وسیب کو تقسیم کرنے کے فارمولے اپنی موت آپ مر جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان صوبہ محاذ اور پاکستان سرائیکی پارٹی کے رہنمائوں نے نواب مظفر خان شہید کی برسی کے موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خواجہ غلام فرید کوریجہ، پروفیسر شوکت مغل، ظہور دھریجہ، مہر مظہر کات، علامہ اقبال وسیم، مقصود خان لنگاہ، اُجالا لنگاہ، حاجی احمد نواز سومرو، فادر یونس عالم، ملک جاوید چنڑ ایڈووکیٹ، سردار عبدالقیوم خان ایڈووکیٹ، سید غلام علی شاہ، غلام رسول خان گورمانی، شریف خان لشاری، سید ناصر شاہ، مختیار لنگاہ، ملک اکرم گھلو و دیگر نے خطاب کیا، جبکہ درگاہ حضرت بہائوالدین زکریا ملتانی کے احاطہ میں مدفون نواب مظفر خان شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کے ساتھ چادر پوشی کی گئی۔

اس موقع پر شرکاء نے حلف اُٹھایا کہ جب تک سرائیکی صوبہ نہیں بنے گا، ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ نواب مظفر خان شہید نے اپنے 7 بیٹوں اور اپنی صاحبزادی سمیت جان کی قربانی دے دی، لیکن کافر رنجیت سنگھ کے سامنے ہتھیار نہ پھینک کر نہ صرف ملتان بلکہ پوری امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کر دیا، وہ حقیقی معنوں میں شہید اسلام ہیں۔ سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ وسیب کے لوگ پنجاب کی تقسیم کا نہیں بلکہ رنجیت سنگھ کی تجاوزات کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سرائیکستان کے قیام تک ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ رنجیت سنگھ اور انگریز سامراج کی طرف سے چھینے گئے وسیب کے لوگوں کو اُن کا حق واپس کیا جائے کہ سرائیکی وسیب کا نام ہی پاکستان ہے اور وسیب کے لوگ پاکستان سے محبت کرتے ہیں، پاکستان اُن کی سرزمین پر قائم ہے۔ مقررین کے خطاب کے بعد رنجیت سنگھ کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس اور شرکاء کے درمیان تکرار ہوئی، مگر شرکاء نے کہا کہ ہم ہر صورت اپنے وسیب کے ہیرو کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کریں گے اور رنجیت سنگھ کا پتلا بھی نذر آتش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 797579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش