0
Tuesday 11 Jun 2019 13:17

زرداری کے بعد اپوزیشن کی ایک اور وکٹ گر گئی، حمزہ شہباز گرفتار

زرداری کے بعد اپوزیشن کی ایک اور وکٹ گر گئی، حمزہ شہباز گرفتار
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع سے متعلق درخواستیں خارج کردیں، نیب نے ٹیم نے حمزہ شہباز کو کمرہ عدالت میں گھیرے میں لے لیا، نیب کی ٹیم نے کمرہ عدالت سے باہر آنے پر لیگی رہنما حمزہ شہباز کو حراست میں لے لیا۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع سے متعلق درخواست پر سماعت کی، حمزہ شہباز اپنے وکلا سلمان اسلم بٹ اور امجد پرویز کے ہمراہ پیش ہوئے تھے۔ عدالت نے حمزہ کے وکیل سے کہا کہ آپ عبوری ضمانت کیسز میں پیش ہوئے ہیں انہی پر دلائل دیں، وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ چیئرمین نیب کے آرڈر کی کاپی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
 
عدالت نے کہا کہ آرڈر کی کاپی لینے کی یہ سٹیج نہیں، اس پر وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ اس پر فیصلہ فرما دیں۔ عدالت نے کہا کہ فیصلہ کرنے کیلئے ہی بیٹھے ہیں، آپ کے دلائل سن لیے، وکیل ملزم نے کہا کہ انکوائری اور تفتیش شروع ہو چکی ہے جو چیئرمین کی منظوری کے بغیر نہیں ہو سکتی،عدالت حکم دے کہ ہمیں دستاویزات فراہم کی جائیں۔ عدالت نے کہا کہ ابھی وہ موقع نہیں آیا جب اس پر بحث کی جائے۔ عدالت نے دستاویزات کی فراہمی سے متعلق حمزہ شہباز کی درخواست مسترد کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں صرف حمزہ شہباز ہی نہیں، شہباز شریف، سلمان شہباز بھی منی لانڈرنگ کیس میں شامل ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف فیملی کے اثاثوں میں اربوں روپے اضافہ ہوا، حمزہ شہباز اثاثہ جات کیس میں ثبوت فراہم نہیں کر سکے۔ عدالت نے کہا کہ ہمارے سامنے صرف حمزہ شہباز کا کیس ہے، صرف حمزہ شہباز کی ضمانت کی حد تک دلائل دیں۔
 
کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی تو حمزہ شہباز کے وکلا نے ضمانت کی درخواستیں واپس لیتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو فیصلہ دینا ہے دے دیں۔ اس پر عدالت نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت سے متعلق دونوں درخواستیں مسترد کر دیں، نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز کو کمرہ عدالت میں گھیرے میں لے لیا اور کمرہ عدالت سے باہر آنے پر ان کو حراست میں لے لیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی، یہ کرپشن ثابت کریں، سیاست چھوڑ دوں گا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان نے ایک روز پہلے زرداری کی گرفتاری کا اعلان کیا، چیئرمین نیب پہلے ہی میری گرفتاری کا اعلان کر چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 798925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش