0
Sunday 16 Jun 2019 08:04

آزادکشمیر، نجی شعبے کے تعاون سے قائم ہونیوالے پہلے کینسر ہسپتال کا افتتاح

آزادکشمیر، نجی شعبے کے تعاون سے قائم ہونیوالے پہلے کینسر ہسپتال کا افتتاح
اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے آزادکشمیر میں نجی شعبے میں قائم ہونے والے جدید طبی سہولتوں سے آراستہ پہلے کینسر ہسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے پونچھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بیماریوں اور سماجی برائیوں کے خلاف اسی جذبے سے جہاد شروع کریں جس جذبے سے ان کی آبائو اجداد نے 1947ء میں یہ خطہ اغیار کی غلامی سے آزاد کرایا تھا۔ رالاکوٹ کے نواحی گاؤں بھیک میں سردار لطیف میموریل ٹیلی میڈیسن کینسر انسٹیٹیوٹ کا باقاعدہ افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد آزادکشمیر کے عوام نے بہت ترقی کی ہے اور آج یہاں گاؤں گاؤں میں سڑکوں کا جال بچھا ہوا ہے، بے شمار تعلیمی ادارے قائم ہیں اور لوگوں کا مجموعی طور پر معیار زندگی بلند ہے لیکن خوشحالی اور ترقی کے ساتھ ساتھ تن آسانی کے کلچر نے ہمیں نئی نئی بیماریاں بھی دی ہیں، جن میں سرطان، دل کی بیماریاں، ذیابیطس، معدے اور جگر کی بیماریاں شامل ہیں، جو ہمارے طرز زندگی اور بگڑتی ہوئی ماحولیاتی صورتحال کا برائے راست نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے ہسپتال قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی اور خوراک پر توجہ دیں جس کی وجہ سے مہلک بیماریاں ہمارے معاشرے میں وبا کی طرح پھیل رہی ہیں۔

صدر آزادکشمیر نے خطہ کشمیر خاص طور پر راولاکوٹ اور پونچھ کی دھرتی کو دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے عوام علاقہ سے کہا کہ وہ مسائل کا شکوہ کرنے سے پہلے اللہ کا شکر ادا کریں جس نے انہیں ایسے خوبصورت خطہ زمین سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کی خوبصورتی اور اس کے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھ کر ہم کئی طرح کی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو پروفیسر ڈاکٹر نعیم لطیف کی طرف سے کینسر ہسپتال کے قیام کو تاریخ کشمیر کا اہم باب قرار دیتے ہوئے ان کی کوششوں اور انسانیت کے خدمت کے جذبے کی شاندار الفاظ میں تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تین ڈویژن پونچھ، مظفرآباد اور میرپور میں تین بڑے ہسپتال بنانے کا منصوبہ اب بھی حکومت کے پیش نظر ہے اور انشاءاللہ وہ وقت جلد آئے گا جب یہ ہسپتال قائم ہون گے اور عوام کو علاج و معالجہ کی سہولتیں میسر ہوں گی۔

انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ حکومت اس ہسپتال کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو راولاکوٹ شہر سے ملانے والی روڈ کی مرمتی و کشادگی، ہسپتال میں پانی کی فراہمی اور اسے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ تقریب سے کرنل ریٹائرڈ مصطفی کمال، سردار فاروق خان، سردار عبدالخالق ایڈووکیٹ، سردار شمشاد خان ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر شبیر نے بھی خطاب کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 799736
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش