0
Saturday 22 Jun 2019 15:30

وزیر اعظم نے سکردو میں 250 بیڈز ہسپتال کی تعمیر کی منظوری دیدی، ڈاکٹر یاسمین راشد

وزیر اعظم نے سکردو میں 250 بیڈز ہسپتال کی تعمیر کی منظوری دیدی، ڈاکٹر یاسمین راشد
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے سکردو میں 250 بیڈز ہسپتال تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس پر کام کا آغاز رواں سال ہو جائے گا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے دورے سے واپسی پر ان کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے وزیر اعظم کو بلتستان میں صحت کی ناکافی سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے سکردو میں 250 بیڈ ہسپتال تعمیر کرنے کی منظوری دے دی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہسپتال کا پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے اور تعمیراتی کام رواں سال شروع ہو جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت کے مطابق وزیراعظم نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ ان کی حکومت جی بی میں ایک نہیں دو ہسپتال تعمیر کرے گی اور دونوں ہسپتال جدید سہولیات سے مزین ہوں گے۔ ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے خطیر رقم مختص کی جائے گی تاہم دوسرے ہسپتال پر کام سکردو ہسپتال کی تکمیل کے بعد شروع ہو گا۔

یاسمین راشد نے صحافیوں کو بتایا کہ بلتستان کے حالیہ دورے کے دوران ان کی جن افراد سے ملاقات ہوئی انہوں نے صحت کی ناکافی سہولیات کے بارے میں معاملہ اٹھایا۔ یاسمین راشد نے کہا کہ سکردو ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی انہیں مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سکردو ہسپتال نہ صرف پورے ضلع کے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہا بلکہ ضلع گانچھے، شگر، کھرمنگ اور روندو سے بھی مریض سکردو ہسپتال آتے ہیں اور اتنی بڑی تعداد کے لئے موجودہ ہسپتال ناکافی ہے۔ یاسمین راشد نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پورے ملک کے لوگوں کو ایک نظر سے دیکھتی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کے کونے کونے میں صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
خبر کا کوڈ : 800925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش