0
Tuesday 25 Jun 2019 00:01

بلوچستان میں بارشیں جاری، کئی حفاظتی بند ٹوٹ گئے

بلوچستان میں بارشیں جاری، کئی حفاظتی بند ٹوٹ گئے
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، ضلع ہرنائی میں بارشوں سے کئی حفاظتی بندوں کو نقصان پہنچا، قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بھی معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  ژوب میں 11، سبی میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، ہرنائی، دکی، قلعہ سیف اللہ میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ضلع ہرنائی میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے محلہ اخترآباد، مل محلہ، جلال آباد، کلی لعل خان، کلی مرزا سمیت مختلف علاقوں میں پانی داخل ہو گیا، جبکہ ہرنائی پنجاب شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی، کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود متعدد علاقوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ حفاظتی بندوں کی عارضی تعمیر شروع کردی گئی ہے، مزید بارشیں ہوئیں تو سیلاب اور مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات، سبی اور ژوب ڈویژنز میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ  گرم موسم ضلع سبی میں رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48، تربت 42، کوئٹہ 37، بارکھان 36، قلات میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
 
خبر کا کوڈ : 801329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش