0
Tuesday 2 Jul 2019 23:40

رانا ثنا اللہ آسان پیسہ کمانے کے چکر میں گرفتار اور بدنام ہوئے، فردوس عاشق اعوان

رانا ثنا اللہ آسان پیسہ کمانے کے چکر میں گرفتار اور بدنام ہوئے، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان  کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ آسان پیسہ کمانے کے چکر میں گرفتار اور بدنام ہوئے اور ان کے اسکواڈ کی گاڑیاں ہیروئن باہر بھیجنے کے لیے استعمال ہو رہی تھیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کل ایک نامور شخصیت نے ایک کارنامہ سرانجام دیا جس سے تمام ارکان پارلیمنٹ کے سرشرم سے جھک گئے، قوم سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ وہ جنہیں رہبر مانتی تھی وہ اتنے بڑے رہزن ہیں، ارکان پارلیمنٹ رول ماڈل ہیں، ان کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، اگر ہم رہزن بن کر لوٹنا شروع کردیں گے تو معاشی بحران جنم لیتے رہیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے سیاسی رہنما کی گرفتاری کو حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا جبکہ رانا ثنا اللہ کو پولیس نے نہیں اے این ایف نے گرفتار کیا، اے این ایف ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جس کا مقصد ملک کو منشیات سے پاک کرنا ہے، اے این ایف کے اہلکاروں نے جب گاڑی روکی تو بریف کیس کے اندر ہیروئن برآمد ہوئی، دوسری گاڑی نے رانا ثناء اللہ کو فرار کروانے کی کوشش کی لیکن وہ گرفتار ہوگئے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی ایک طویل داستان ہے، ان کی گرفتاری کو سیاسی انتقامی کارروائی کہنے والے وہ داستاں ضرور پڑھیں، اسکواڈ کی گاڑیاں وائٹ پاؤڈر باہر بھیجنے کے لیے استعمال ہو رہی تھیں اور رانا ثنا اللہ مونچھوں کو تاؤ دے کر دامن جھاڑ کر نکل جاتے تھے، بدقسمتی سے رانا ثناء اللہ آسان پیسہ کمانے کے چکر میں گرفتار اور بدنام ہوئے، ہمیں تکلیف ہے کہ ایک ایم این اے پر ہیروئن اسمگلنگ کا داغ لگ گیا ہے، اگر رانا ثناء اللہ بےگناہ ہیں تو عدالت میں جاکر اپنی بےگناہی ثابت کریں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مجرموں کے ساتھ کسی قسم کی مفاہمت نہیں ہوسکتی، مجرموں کی کوشش ہے کہ کسی طرح ان کو این آر او حاصل ہو جائے، بدقسمتی سے جو منی لانڈرنگ اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں وہ جیلوں میں اے کلاس لے کر پروڈکشن آرڈر لے لیتے ہیں، جو بجٹ میں پارلیمنٹ آنے کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کروا کے لائے تھے وہ پارلیمنٹ کی راہداریوں میں نظر آئے۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اب وزیراعظم نے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے ترجیحات طے کرنے اور اس قانون کو صوبائی حکومتوں سے مل کر تبدیل کرنے کی ہدایت کردی ہے، وزیراعظم نے اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کو ختم کرنے کی ہدایت کی ہے، ڈالر کی منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ روکنے سے متعلق رپورٹ پیش کرے گی۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ حج پالیسی 2019ء عوام  کے مفاد میں بنائی گئی ہے جس میں حاجیوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے، کابینہ نے حج کے اضافی کوٹا کو سرکاری حج اسکیم کے تحت بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حج کو اسکینڈل فری حج بنایا جائے گا۔ پہلی حج پرواز جمعہ کے روز روانہ ہوگی اور وزیر اعظم عمران خان پہلی حج فلائٹ کے حاجیوں کو خود الوداع کہیں گے جبکہ پرواز کے تمام مسافروں کے لیے امیگریشن کا عمل اسلام آباد میں ہی ہوگا۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے 40 ہزار مالیت کے پرائز بانڈ ختم کرنے کی منظوری دی ہے، اب بانڈ کا پیسہ کیش ہوکر اکاؤنٹ میں جائے گا، بانڈ کیش کرانے کے طریقہ کار میں تبدیلی لائی جارہی ہے اور کیش کروانے کے لیے مناسب وقت دیا جائے گا، ماضی میں کچھ ایسے سیاستدان تھے جن پر پرائز بانڈ عاشق تھے اور پرائز بانڈ بھی انہی سے نکلتے تھے لیکن اب بانڈ سے جن لوگوں کا عشق تھا وہ اب دم توڑ جائے گا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وہ اسٹیل مل جو سفید ہاتھی تھا وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کی نجکاری نہیں کی جائےگی، اسٹیل ملز حکومت کی ملکیت ہی رہے گی اور اسے  پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے چلایا جائےگا، سرمایہ کاری کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو پارٹنرشپ میں لایا جائے گا۔ فردوس عاشق اعوان نے نواز شریف کو مرغن غذائیں چھوڑ کر پرہیزی کھانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کون سا دل کا مریض ہے جو سری پائے اور مرغن کھانے کھاتا ہے؟ سابق وزیراعظم  کی دل کی دھڑکن چیک کرنے کے لیے 21 بندے ہوتے ہیں، 21 ڈاکٹرز کی ٹیم نواز شریف کو دیکھتی ہے، یہاں ایک بیمار ہے اور اس کے لیے سو انار ہیں، نوازشریف  دل چھوٹا نہیں بڑا کریں۔
خبر کا کوڈ : 802785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش