0
Thursday 18 Jul 2019 15:42

نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور سے گرفتار کر لیا

نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور سے گرفتار کر لیا
اسلام ٹائمز۔ نیب کی جانب سے اہم سیاستدانوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی نیب لاہور نے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب گاڑی سے اُتار کر گرفتار کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو آج نیب نے طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کر لی تھی تاہم نیب کی جانب سے انہیں لاہور آتے ہوئے ٹھوکر نیاز بیگ پر روک کر گرفتار کر لیا گیا۔ شاہد خاقان عباسی کوٹ لکھپت میں نواز شریف سے ملاقات کیلئے آ رہے تھے۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو سوالنامہ دیا گیا تھا جس کے جوابات پر مطمئن نہ کرنے پر انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کیخلاف نیب مہنگے داموں ایل این جی کی درآمد کا معاہدہ کرنے پر تحقیقات کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ شاہد خاقان عباسی نواز شریف کے دور حکومت میں وزیر پٹرولیم تھے جس دوران انہوں نے قطر کے ساتھ ایل این جی کی درآمد کا معاہدہ کیا تھا۔

دوسری جانب لیگی رہنماوں نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج پھر جمہوریت کیلئے ایک سیاہ دن ہے، ووٹوں سے منتخب ہونیوالے ایک اور وزیراعظم کو نیب گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں ایسی کوئی حکومت نہیں آئی جس کو ہر طرف سے ٹھنڈی ہوا ملی ہو، حکومت ملک کی معیشت کو دیوالیہ کی طرف لے جارہی ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان ہم سب کو جیل میں ڈال دو، لیکن ن لیگ کی آواز نہیں دبائی جا سکتی، ہم عمران خان کی دھمکیوں سے نہیں ڈریں گے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میرے ہموطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونیوالا ایک اور وزیراعظم گرفتار! جو آپ کے ووٹ سے آئے گا، کیا یہی لا قانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام زمانہ ادارے کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے!۔
خبر کا کوڈ : 805657
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش