0
Saturday 27 Jul 2019 22:57
ہم پاکستان کی خود مختاری، نظریاتی شناخت اور حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں

جس امریکا سے جان چھڑانا چاہتے ہیں اسکی غلامی کا سفر شروع ہوچکا، مولانا فضل الرحمٰن

جس امریکا سے جان چھڑانا چاہتے ہیں اسکی غلامی کا سفر شروع ہوچکا، مولانا فضل الرحمٰن
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کھوکھلی حکومت کو مزید سہارا نہیں دینا چاہیئے، حکومت کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکے کی ضرورت ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جس امریکا سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، اس کی غلامی کا سفر شروع ہوچکا اور حکومت غلامی کے دور کو کامیاب سمجھ رہی ہے، ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، گھر بنانے کے بجائے گرائے جا رہے ہیں، ملک میں احتساب نہیں بلکہ سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ تبدیلی آگئی ہے۔ سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ ہم پاکستان کی خود مختاری، نظریاتی شناخت اور حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، عام آدمی کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کی آواز بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم وہ بات کرتے ہیں جو ملک کا آئین کہتا ہے، ملک کا آئین کہتا ہے کہ ختم نبوت کا منکر اسلام سے خارج ہے، مذہب اور مذہبی ایشوز آئین کا حصہ ہیں، ہم اسکی بقاء کیلئے جدوجہد کریں گے، جعلی حکومت کو اس کے انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، یہ کھوکھلی حکومت ہے، اسے مزید سہارا نہیں دینا چاہیئے، حکومت کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکے کی ضرورت ہے، ہم ایک تحریک کی طرف جا رہے ہیں، اپوزیشن متحد ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ چیئرمین کے امیدوار حاصل بزنجو بھی بلوچستان کے ہی ہیں، سینیٹ چیئرمین جیسے فیصلے پارٹی بنیاد پر ہوتے ہیں، سینیٹ چیئرمین کا معاملہ علاقائی سیاست کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 807471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش