0
Tuesday 30 Jul 2019 19:29

وفاقی کابینہ کا اجلاس، وزیراعظم نے روٹی اور نان کی قیمت بڑھنے کا نوٹس لے لیا

وفاقی کابینہ کا اجلاس، وزیراعظم نے روٹی اور نان کی قیمت بڑھنے کا نوٹس لے لیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے روٹی اور نان کی قیمت بڑھنے پر نوٹس لے لیا، عمران خان نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے روٹی کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات جاننے کے لئے اجلاس طلب کرلیا۔ عبدالقادر کے مطابق خصوصی اجلاس کچھ ہی دیر میں وزیراعظم آفس میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن، وزارت غذائی تحفظ اور دیگر وزراء و افسران طلب کرلیا گیا ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے سے تندور پر کتنا اثر پڑا ہے، بریفنگ دی جائے گی، وزیراعظم نے تفصیلات طلب کی ہیں کہ مل مالکان کتنا منافع لے رہے ہیں۔
 
یاد رہے کہ رواں ماہ 15 جولائی کو کے پی حکومت نے پشاور میں کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا، جس کے نتیجے میں 50 سے زائد نان بائیوں کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔ ترجمان نے بتایا تھا کہ گرفتار کئے جانے والے نان بائیوں کو 15 دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ڈی سی کے احکامات ہیں جو نان بائی 190 گرام سے کم روٹی فروخت کرے گا وہ جیل جائے گا۔ خیال رہے اس سے قبل پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کم وزن کی روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مختلف علاقوں سے 22 نان بائی گرفتار کر لئے تھے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم کی کراچی کی صورتحال، اسلام آباد ماسٹر پلان، احتساب اور تحائف فنڈز پر توجہ مرکوز رہی، وہ ایک بار پھر احتساب کے عمل کو مزید موثر اور سخت بنانے کے لئے پرعزم دکھائی دیئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد سے مجرموں جیسا ہی سلوک ہونا چاہیئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دو روز بعد اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے خصوصی ہدایات جاری کیں کہ اسلام آباد کے پوش علاقوں میں بلند عمارات کو ترجیح دی جائے، سیکٹر جی سکس جیسے مرکزی علاقے میں ہائی رائز بلڈنگز اور شاپنگ سنٹر بنائے جائیں، پوش سیکٹر کے دیگر علاقوں میں زمین کا مناسب استعمال کیا جائے جبکہ باقی اراضی کو کھلا چھوڑا جائے۔

وزیراعظم کا اجلاس میں کہنا تھا کہ میں غریبوں کو گھروں کی سہولت فراہم کرنے میں بہت سنجیدہ ہوں، سلمز میں بلڈنگ کے بعد باقی اراضی کا کمرشل استعمال کیا جانا چاہیئے۔ اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں بھی اپارٹمنٹس بنانے کا پلان ترتیب دیا جائے۔ وزیراعظم نے کراچی میں بارشوں کیوجہ سے نقصانات پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ سندھ حکومت کو اربوں روپے دئیے، لیکن عوام کو سہولیات نہیں ملیں۔ کراچی میں سیوریج اور صفائی کا نظام نہ ہونے سے عوام کی زندگی اجیرن ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا گیا، جبکہ شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں شہید پاک فوج کے جوانوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔
 
خبر کا کوڈ : 807983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش