0
Thursday 1 Aug 2019 23:33

سینکڑوں یمنی نژاد اسرائیلی شہریوں کا یمنی بچوں کے اغواء کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

سینکڑوں یمنی نژاد اسرائیلی شہریوں کا یمنی بچوں کے اغواء کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ سینکڑوں یمنی نژاد اسرائیلی شہریوں نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی ناپاک پیدائش کے ایام میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے بڑی تعداد میں یمنی بچوں کو اغواء کرکے زبردستی اسرائیلی شہری بنائے جانے کے مذموم صیہونی اقدام کے خلاف اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں غاصب صیہونی رژیم سے اپنے جرائم کے اعتراف کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ عبری زبان کے اسرائیلی اخبار "ھاآرتص" نے یمنی نژاد اسرائیلی شہریوں کے اس احتجاجی مظاہرے کی خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اسرائیلی صدر اور وزیراعظم کے دفاتر کے سامنے جمع ہونے والے سینکڑوں یمنی نژاد اسرائیلی شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی رژیم کے شروع کے دنوں میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ یمنی بچوں کو اغواء کرکے زبردستی اسرائیلی شہری بنائے جانے کے مذموم صیہونی جرائم کا اعتراف کرے، جبکہ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر مختلف قسم کے نعرے اور مطالبات درج تھے۔

یاد رہے کہ سال 2001ء میں اسرائیلی کابینہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس کی ذمہ داری یمنی بچوں کو اغواء کرکے زبردستی اسرائیلی شہری بنانے کے اس دعوے پر تحقیق کرنا تھا، جس نے اپنی تحقیقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے یمنی بچوں کو اغواء کرکے زبردستی اسرائیلی شہری بنانے کا دعویٰ بےبنیاد ہے۔ اسرائیلی اخبار "ھاآرتص" مزید لکھتا ہے کہ مذکورہ بالا کمیٹی اور اس کے بعد تشکیل دی جانے والی 2 مزید کمیٹیز نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ اُن اغواء شدہ یمنی بچوں میں سے زیادہ تر بیماری کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ یمنی بچوں کے خاندان اور قانون و میڈیا کے ماہرین ان کمیٹیز کی طرف سے پیش کئے گئے تحقیقاتی نتائج کی درستی اور کمیٹی ممبرز کے پیشہ وارانہ عمل کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جبکہ سال 2016ء میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی اس کیس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یہ کہہ دیا تھا کہ یمنی بچوں کے اغواء کا کیس بہت سے خاندانوں کے لئے تاحال ایک ایسے تازہ زخم کے مانند ہے، جس سے خون رس رہا ہو، کیونکہ وہ تاحال نہیں جانتے کہ ان کے بچوں کے ساتھ کیا پیش آیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 808358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش