0
Tuesday 13 Aug 2019 18:21

لاہور، ایک پاؤں سے معذور شخص نے راجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑ دیا

لاہور، ایک پاؤں سے معذور شخص نے راجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑ دیا
اسلام ٹائمز۔ شاہی قلعہ لاہور میں دو افراد نے مبینہ طور پر پنجاب کے سابق حکمراں مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑ دیا، جو شاہی قلعہ میں ان کی قبر کے قریب نصب تھا۔ شاہی قلعہ معمول کے مطابق لوگوں کے کھلا تھا جب دو افراد وہاں داخل ہوئے جن میں سے ایک بظاہر پاؤں سے معذور تھا اور اس کے ہاتھ میں لکڑی کی ڈنڈا موجود تھا، جبکہ دوسرا شخص اسے چلنے میں مدد کر رہا تھا۔ قلعے میں داخل ہوکر دونوں سیدھا مجسمے کی طرف گئے اور لکڑی کے ڈنڈوں سے اسے مارنا شروع کر دیا جس سے ایک بازو ٹوٹ گیا، جبکہ دیگر حصوں کو بھی نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی گارڈز وہاں پہنچے اور مجسمہ توڑنے والوں کو پکڑ لیا جو مہاراجہ رنجیت سنگھ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ بعد ازاں حملہ آوروں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا جس نے شہری انتظامیہ کی شکایت پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سید غضنفر شاہ کے مطابق حملہ آوروں نے مذہبی بنیادوں پر مجسمہ توڑا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ حملہ آور یہ دعویٰ کر رہے تھے کہ ان کے جسم میں جنوبی ایشیا کی تاریخ کے معروف جنگجو سلطان محمود غزنوی کی روح موجود ہے۔ سید غضنفر شاہ نے کہا کہ حملہ آوروں کا ماننا تھا کہ یہ ان کے مذہب کے خلاف ہے کہ مسلم ملک میں مجسمہ تعمیر کیا جائے اور اگر انتظامیہ نے اسے نہیں ہٹایا تو وہ یہ عمل دوبارہ کریں گے۔ واضح رہے کہ شاہی قلعہ کی مائی جِندا کی حویلی میں راجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کی 27 جون کو ان کے 180ویں یوم وفات کے موقع پر نقاب کشائی کی گئی تھی۔ کانسی سے بنے اس 9 فٹ اونچے مجسمے میں سکھ بادشاہ کو ہاتھ میں تلوار پکڑے گھوڑے پر بیٹھے جاسکتا ہے، جبکہ انہوں نے مکمل سکھ لباس زیب تن کر رکھا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 810325
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش