0
Friday 16 Aug 2019 00:24

کشمیری عوام اپنا مقدمہ خود لڑ رہے ہیں اور لڑنے کی طاقت بھی رکھتے ہیں، امیر العظیم

کشمیری عوام اپنا مقدمہ خود لڑ رہے ہیں اور لڑنے کی طاقت بھی رکھتے ہیں، امیر العظیم
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی سب سے بڑی ساکھ اخلاقی ساکھ ہے، 72 سالوں میں آج تک جماعت اسلامی کے کسی فرد پر کوئی دھبہ نہیں آیا، جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنان جماعت اسلامی کی اخلاقی، علمی اور سیاسی ساکھ کو آنے والی نسلوں میں منتقل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالسلام میں نومنتخب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب رائو محمد ظفر کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے دین کو مسجدوں اور منبر کے دین کے ساتھ معاشی، معاشرتی، سیاسی اور سماجی دین کے طور پر پیش کیا، کیونکہ اسلام ہی مکمل ضابطہ حیات اور انسانیت کی کامیابی ہے۔

پاکستان بہت قربانیوں سے حاصل ہوا، پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر اس بنیاد کو ہٹانے، اس پہچان کو ختم کرنے کی بہت کوشش کی گئی، کبھی کہا جاتا ہے کہ بھارت سے دوستی کی جائے، کبھی کہا جاتا ہے سمجھوتہ بس کا آغاز کیا جائے، آج کشمیریوں پر جاری ظلم حکومت کی ناکام کشمیر پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ قوم کشمیر کو بھول جائے، دنیا کشمیر کے ساتھ نہیں، کشمیری عوام اپنا مقدمہ خود لڑ رہے ہیں اور خود لڑنے کی طاقت بھی رکھتے ہیں، آپ ان کی وکالت نہیں کرسکتے تو ان کے راستہ کی رکاوٹ مت بنیں، جماعت اسلامی پہلے بھی کشمیریوں کے ساتھ تھی، آج بھی مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہمت دکھائے پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

اس موقع پر نومنتخب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب رائو محمد ظفر نے اپنی ذمہ داری کا حلف بھی اٹھایا اور بعد ازیں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتوں کو ہمارا سیاسی اسلام قبول نہیں، انہیں ہماری باقی عبادات سے قطعاً کوئی مسئلہ نہیں، جب تک ہم اسلامی سیاسی نظام کی بات نہ کریں، لیکن جماعت اسلامی کی اٹھان اللہ اور اس کے رسول (ص) کے احکامات ہیں، لہذا نبی (ص) نے ایک ماڈل مدنی ریاست قائم کی، جماعت اسلامی بھی اسلامی مدنی ریاست کے عملی قیام چاہتی ہے۔ یوم پاکستان آج جس دکھ اور الم میں منایا گیا کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھی ہے اور رہے گی، کشمیر پاکستان سے الگ نہیں کرسکتا۔ اس موقع پر نائب امراء، ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی جنوبی پنجاب، امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی، ضلعی جنرل سیکرٹری صہیب عمار، سید ذیشان اختر، جاوید اقبال شاہ اور دیگر ذمہ دران بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 810781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش