0
Sunday 26 Jun 2011 07:32

ڈیرہ اسمٰعیل خان، تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ، خودکش دھماکے، ایس ایچ او سمیت 10 شہید، 5 ملزم بھی مارے گئے

ڈیرہ اسمٰعیل خان، تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ، خودکش دھماکے، ایس ایچ او سمیت 10 شہید، 5 ملزم بھی مارے گئے
ڈیرہ اسمٰعیل خان:اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل کلاچی کے سٹی تھانے پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، دستی بم پھینکے، 3 خودکش دھماکے کرنے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 10 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دہشت گردوں نے تھانے میں موجود 20 اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا، جنہیں رات گئے بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 حملہ آور مارے گئے۔ خود کش دھماکوں اور فائرنگ سے تھانے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک بکتر بند گاڑی سمیت وہاں کھڑی کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور پولیس کا تمام ریکارڈ جل گیا، دہشت گردوں نے اتنے منظم انداز سے حملہ کیا تھا کہ پولیس اہلکار 7 گھنٹے کے بعد تھانے میں داخل ہو سکے اور 2 زخمی اہلکاروں کو باہر نکالا۔
 صوبائی وزیراطلاعات میاں افتخار حسین نے میڈیا کو بتایا کہ بعض دہشت گرد برقعہ پہنے ہوئے تھے اور وہ تھانے میں قید اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کیلئے آئے تھے، تاہم پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی کے باعث وہ ایسا نہ کر سکے۔ اطلاع کے مطابق دن کے ڈیڑھ بجے 10دہشت گرد تھانہ کے مین گیٹ پر دستی بم پھینک کر اندر داخل ہوئے اور مین گیٹ کو اندر سے بند کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی ڈیرہ محمد امتیاز شاہ اور ڈی پی او ڈیرہ محمد حسین بھاری نفری لے کر موقع پر پہنچے۔ دہشت گردوں نے تھانہ میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے، جس کے نتیجے میں 10 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں دہشت گردوں نے تھانہ کی چھت پر پولیس کے بنے ہوئے مورچوں پر قبضہ کر لیا اور کسی کو بھی اندر داخل نہیں ہونے دیا۔ 
پولیس نے تھانہ کے اندر گیس کے شیل پھینکے اور بکتر بند گاڑی کو اندر لے جانے کی کوشش کی، لیکن دہشت گردوں نے بکتر بند گاڑی پر فائرنگ کر کے اس کی پیش قدمی روک دی۔ اس دوران ضلعی پولیس اور ایلیٹ فورس نے تھانے کو چاروں طرف سے گھیرے میں لئے رکھا۔ تھانہ کے اندر سے وقفہ وقفہ سے فائرنگ کی آوازیں آتی رہیں۔ دہشت گردوں میں تین خودکش حملہ آور بھی شامل تھے، جنہوں نے وقفے وقفے سے خود کو اڑا لیا۔ سات بجکر پندرہ منٹ پر تھانہ میں ایک زوردار دھماکا ہوا جس کے متعلق کہا گیا کہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ہے، اس کے 5 منٹ بعد دوسرا دھماکا ہوا، جو دوسرے خودکش حملہ آور نے کیا۔ ان دھماکوں سے تھانہ کی عمارت اور بکتر بند گاڑی کو آگ لگ گئی اور عمارت سے دھویں کے بادل اٹھنے لگے اور اس دوران پولیس 7 گھنٹے کے بعد تھانہ کی عمارت میں داخل ہو گئی۔ پولیس کے داخل ہونے کے فوراً بعد تیسرا خودکش دھماکا ہوا، جو پولیس کے بقول خودکش حملہ آور پر راکٹ فائر کرنے سے ہوا۔ پولیس نے اس دوران دو اہلکاروں محمد خان اور امین کو زخمی حالت میں برآمد کر لیا، جو تاحال کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔

خبر کا کوڈ : 81109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش