0
Sunday 18 Aug 2019 10:38

یمنی فورسز کا سعودی تیل تنصیبات پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ

یمنی فورسز کا سعودی تیل تنصیبات پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ
اسلام ٹائمز۔ یمنی فورسز نے سعودی آئل فیلڈ پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا ہے، سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں قائم شیبہ آئل فیلڈ پر  کیے گئے حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ یمنی فورسز کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمنی فورسز نے سعودی عرب کے اندر سعودیہ کی تیل کمپنی آرامکو پر 10 ڈرون کے ذریعہ حملہ کیا ہے، یمنی فورسز کا سعودی عرب پر یہ سب سے بڑا ڈرون حملہ ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فورسز کے 10 ڈرونز نے سعودی عرب کی تیل کی کپمنی الشیبہ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں تیل کمپنی میں آگ لگ گئی ہے۔ یمنی فورسز نے سعودی عرب کی حساس جگہوں پر رہنے والے غیر ملکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی حساس جگہوں سے خارج ہو جائیں کیونکہ یمنی فورسز نے سعودی عرب کے حساس ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یحیی سریع نے سعودی عرب کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے اگر یمن پر جارحیت اور بہیمانہ بمباری جاری رکھی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

ادھر انصار اللہ کے سربراہ عبدالمالک حوثی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی سرحد کے قریب سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر کارروائی خود متحدہ عرب امارات کے لیے بھی ایک تنبیہ ہے۔ دوسری جانب سعودی تیل کمپنی آرامکو کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں ائل فیلڈ پر حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ 14 مئی 2019 کو بھی یمنی فورسز نے سعودی دارالحکومت ریاض کے خطے میں تیل کی اہم تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے تھے، بحیرہ احمر پر قائم یانبو بندرگاہ کے پاس مشرق مغرب پائپ لائن کو تیل فراہم کرنے والے پیٹرولیم پمپنگ اسٹیشن پر ڈرون سے حملے کیے گئے تھے۔ اس حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی تھی اور آرامکو کو تیل کی ترسیل روکنا پڑی تھی۔
خبر کا کوڈ : 811218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش