0
Friday 23 Aug 2019 07:22

این ای ڈی یونیورسٹی میں ”پاکستان میں بائیو فیولز اور بائیو انرجی کے مستقبل“ کے موضوع پر سیمینار

این ای ڈی یونیورسٹی میں ”پاکستان میں بائیو فیولز اور بائیو انرجی کے مستقبل“ کے موضوع پر سیمینار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی سرکاری این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ انوائرمینٹل انجینئرنگ اور پاکستان اسٹیٹ آئل کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار بعنوان ”پاکستان میں بائیو فیولز اور بائیو انرجی کے مستقبل“ کے حوالے سے منعقد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد ماحول دوست فیول پیدا کرنا اور اس کے ذریعے پاکستان کی معاشی بہتری میں کردار ادا کرنا تھا۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین انوائرمینٹل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، جس میں ایسے درختوں کے بیج بھی پائے جاتے ہیں، جنہیں کھانے میں استعمال نہیں کیا جاتا، ان بیجوں سے تیل نکال کر بائیو فیول پیدا کیا جا سکتا ہے اور اسے پٹرولیم مصنوعات میں میں مکس کیا جائے، تو پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جا سکے گی، جبکہ بیرونِ ممالک سے آنے والے پٹرول کی درآمد میں بھی کمی سے ملکی ذخائر کو بچایا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بائیو فیول کے حوالے سے تحقیق کو آگے بڑھانے کیلئے جامعات کی سطح پر سیمینار بہترین پلیٹ فارم ہے۔

شعبہ انوائرمینٹل انجینئرنگ کے ڈاکٹر محمود علی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے ہم تحقیق کے ذریعے اس مرحلے پر پہنچ چکے ہیں کہ خوردنی استعمال شدہ تیل کو بائیو ڈیزل میں تبدیل کر رہے ہیں، جس سے پاکستان میں اقتصادی حوالوں سے بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے طالبعلم اس پر تحقیق میں کوشاں ہیں کہ ڈیزل کے مقابلے بائیو ڈیزل کوکم ریٹ پر پیدا کیا جائے، تاکہ اسے کاروں اور دیگر گاڑیوں میں استعمال کیا جا سکے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل کے جزل مینیجر انجینئر محمد بابر صدیقی کا کہنا تھا کہ بڑھتی آبادی کے ساتھ انرجی کی ضرورت میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، پی ایس او نے پورٹ قاسم پر قریباً اکیس ایکڑ اراضی پر نان ایٹیبل آئل کی پیداوار کیلئے درخت لگائے ہیں، جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی بھی اس حوالے سے تحقیق کیلئے پاکستان میں ہراوّل دستے کا کام انجام دے رہی ہے۔

سیمینار سے آلٹرنیٹو انرجی ڈیولپمنٹ بورڈ کے سابق سیکٹریٹری ڈاکٹر نسیم احمد خان، ڈائریکٹر جزل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر ڈاکٹر سید عاصم ریحان کاظمی، این ای ڈی ایلمنی اور اٹلی کی یونیورسٹی آف پڈووا کے شعبہ انڈسٹریل انجینئرنگ کے ڈاکٹر مبشر سلیم، این ای ڈی کے شعبہ میکینکل انجینئرنگ کے ڈاکٹر مبشر علی صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر میرشبر علی کا کہنا تھا کہ ماحول دوستی کیلئے ہمیں اب ٹھوس اقدامات کو عملی جامہ پہنانا ہوگا، تاکہ ہمارا مستقبل محفوظ ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 812123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش