0
Sunday 25 Aug 2019 21:37

حضرت شاہ انور کا مزار نہ کھولنے پر قبائلی عمائدین کا پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان

حضرت شاہ انور کا مزار نہ کھولنے پر قبائلی عمائدین کا پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ضلع اورکزئی اور ضلع کرم کے قبائلی عمائدین نے کل سے شروع ہونے والی پولیو ویکسینیشن مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک حکومت کلایہ اورکزئی میں عظیم صوفی بزرگ حضرت شاہ انور کے مزار کو زائرین اور مرمت کیلئے کھولنے کی اجازت نہیں دیتی، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کرم، اورکزئی اور ہنگو کے قبائل پر مشتمل بادشاہ انور غگ کمیٹی کے رہنماؤں عباس غلام، ملک اسرار حسین، حاجی شبیر حسین، حاجی کرامات حسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ بدامنی کے دوران کلایہ اورکزئی میں حکومت نے حضرت میاں شاہ انور بزرگوار کے مزار کو زائرین کیلئے بند کر دیا تھا اور ابھی تک صرف ایف سی کی اجازت کے بعد چند لمحوں کے لیے مزار پر حاضری کی اجازت ملتی ہے، لوگوں کو کئی روز مزار پر حاضری کیلئے اجازت ملنے کے انتظار میں گزارنے پڑتے ہیں۔ مظاہروں، جرگوں اور احتجاج کے بعد بھی میاں شاہ انور بزرگوار کے مزار کو زائرین کیلئے نہیں کھولا گیا۔

قبائلی رہنماوں نے اعلان کیا کہ کل سے نہ صرف اورکزئی، ضلع کرم اور ہنگو میں پولیو ویکسینیشن کا بائیکاٹ ہوگا بلکہ ملک بھر میں میاں بزرگوار کے لاکھوں عقیدت مند بھی اپنے اپنے علاقوں میں ویکسینیشن مہم کا بائیکاٹ کریں گے اور اپنے علاقوں میں پولیو ٹیموں کو آنے کی اجازت نہیں دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھوں اور ہندوؤں کو بھی مذہبی آزادی حاصل ہے، بدامنی کا دور فورسز کی قربانیوں سے ختم ہوگیا ہے اور اس کے باوجود میاں بزرگوار کا مزار زائرین کیلئے بند ہے، اب ہم مجبوراً پولیو ویکسینیشن مہم کے بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ باقاعدہ احتجاجی تحریک بھی شروع کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 812599
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش