0
Wednesday 28 Aug 2019 23:50
راجہ فاروق حیدر نے ایک درجن سے زائد ممالک کو خط بھیجا ہے

پاک بھارت 5ویں جنگ ہونے جارہی ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر کا متعدد ممالک کو خط

پاک بھارت 5ویں جنگ ہونے جارہی ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر کا متعدد ممالک کو خط
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے درجن بھر سے زائد مملک کے سربراہان کو خطوط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ 5ویں جنگ ہونے جا رہی ہے، اسے روکا جائے۔ راجہ فاروق حیدر نے روس، چین، جرمنی، انڈونیشیا، سنگا پور، اردن، کیوبا، اٹلی، سپین، ناروے، آسٹریا، سویڈن، آسٹریلیا، جاپان، سعودی عرب، جنوبی کوریا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بذریعہ خطوط مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ اپنے خطوط میں راجہ فاروق حیدر نے لکھا ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر پر چار جنگیں لڑ چکے ہیں لیکن اس بار روائتی جنگ نہیں ہوگی کیوں کہ دونوں ممالک ایٹمی صلاحیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کشمیر کے صورتحال سے متعلق لکھتے ہوئے آگاہ کیا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کے نتیجے میں کشمیری عوام شدید تکلیف میں ہیں اور وادی میں انسانی بحران کا خدشہ ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارتی اقدام کے متعلق لکھتے ہوئے انہیں آگاہ کیا کہ 80 لاکھ سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے نرغے میں ہیں اور بھارت نے آئینی دہشت گردی کرکے کشمیریوں سے ان کی شناخت چھین لی ہے۔ خطوط میں لکھا گیا ہے کہ بھارت نے یک طرفہ اقدامات کے ذریعے کشمیر کو نقصان پہنچایا کیوں کہ وہ آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ ذرائع کے مطابق خطوط میں سربراہان مملکت کو بتایا گیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوج کی تعداد بڑھا دی ہے اور کرفیو کی آڑ میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے خطوط میں لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندی لگا دی گئی ہے اور انٹرنیٹ اور ٹیلیفون سروس بھی بند ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں تمام سیاسی قیادت پابند سلاسل ہے۔
خبر کا کوڈ : 813226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش