0
Wednesday 4 Sep 2019 20:12

کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا لیکن کراچی سے کچرے کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، مصطفیٰ کمال

کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا لیکن کراچی سے کچرے کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا لیکن کراچی سے کچرے کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، کراچی کسی مہم کے ذریعے صاف نہیں ہوسکتا، کراچی کو صاف رکھنا ہے تو روزانہ صفائی کرنا ہے، دنیا چاند پر جارہی ہے اور ہمیں کچرے میں الجھا دیا گیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں مصطفیٰ کمال اور دیگر کے خلاف ساحل سمندر پر ساڑھے پانچ ہزار مربع گز زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے الزام میں مصطفیٰ کمال اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، مصطفیٰ کمال اور افتخار قائم خانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس پاکستان میں کام کرنے اور بیسٹ ایوارڈ لینے کے بعد آج پیشیاں چل رہی ہیں، ہم پر پرائیویٹ پراپرٹی الاٹ کرنے کا الزام ہے، مئیر پرائیویٹ پراپرٹی کیسے الاٹ کر سکتا ہے، 10 سال ڈھونڈنے کے بعد یہ کیس نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کسی مہم کے ذریعے صاف نہیں ہوسکتا، کراچی کو صاف رکھنا ہے تو روزانہ صفائی کرنا ہے، نظام کی ضرورت ہے اور نظام کی کوئی بات نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا چاند پر جارہی ہے اور ہمیں کچرے میں الجھا دیا گیا ہے، کراچی کے ساتھ کھلواڑ ہورہا ہے، 70 فیصد کما کردینے والے شہر کو کچرے میں لگا دیا ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کرپشن، بددیانتی اور نااہلی ہے، لوگوں کو پتہ نہیں کرنا کیا ہے، کبھی وفاقی حکومت کچرا صاف کرنے آتی ہے، کبھی صوبائی حکومت، سٹی گورنمنٹ بھی بس بیان دیتی پھر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں خود کچھ نہیں کرتی ہیں، ہر معاملے میں آرمی چیف کو لاتے ہیں، آرمی چیف تمام اسٹیک ہولڈر کو ساتھ بٹھاکر اس سسٹم کو ایک نظام دیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں روزانہ 13 ہزار ٹن کچرا جمع ہورہا ہے، کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانہ پڑے گا، صفائی کی کوئی مہم نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر میں کوئی انتظامیہ نظر نہیں آتی جبھی ٹریفک کے مسائل جنم لے رہے ہیں، یہ لوگ پاکستان کے ساتھ کھیل رہے ہیں ان کو اندازہ نہیں کہ ایک لاوا پک رہا ہے جس دن یہ لاوا پھٹے گا اس دن کوئی بچ نہیں پائے گا۔
خبر کا کوڈ : 814495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش