0
Saturday 7 Sep 2019 19:37

وفاقی وزیر ریلوے کا سکھر تا کراچی دنیا کی سب سے تیز ترین ٹرین چلانے کا اعلان

وفاقی وزیر ریلوے کا سکھر تا کراچی دنیا کی سب سے تیز ترین ٹرین چلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سکھر تا کراچی دنیا کی سب سے تیز ترین ٹرین چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل ایم ون مکمل ہوگیا تو لوگوں کو مزید ایک لاکھ نوکریاں ملیں گی، مودی فاشسٹ کو اب ہم جانے نہیں دیں گے، آصف زرداری کے دوستوں نے پلی بارگین کی کوششیں شروع کردی ہیں، نواز شریف بھی پلی بارگین کی کوشش میں ہے، مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے خلاء کا ڈرامہ کیا گیا، ناکام ہوئے، ہم نے پچھلے سال سے 10 ارب زیادہ کمائے ہیں، 5 سال میں ریلوے کا خسارہ کم کریں گے۔ سکھر ریلوے اسٹیشن پر اندرون سندھ کے مختلف اسٹیشنوں کے دورے پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے  نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے وزارت عظمی کے دور میں سندھ کو روہی، موہن جودڑو اور سندھ ایکسپریس کی صورت میں تین ٹرینیں دی ہیں، جو لوگ تیس سال برسر اقتدار رہے انہوں نے سندھ کے عوام کو ایک بھی ٹرین نہیں دی اور میرا سندھ کے عوام سے وعدہ ہے کہ دنیا کی تیز ترین ٹرین سکھر سے کراچی تک چلائیں گے، ہم نے پچھلے سال سے 10 ارب زیادہ کمائے ہیں، 5 سال میں ریلوے کا خسارہ کم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، کوچز نہیں ہیں، کوئی فریٹ ویگن نہیں ہے، اس کے باوجود ہم نے 80 لاکھ پسینجر بڑھائے ہیں اور ایک کروڑ مزید بڑھائیں گے۔

شیخ رشید نے ایک بار پھر این آر او کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے، آصف زرداری نے دوستوں کے ذریعے پلی بارگین شروع کردی ہے جبکہ نواز شریف نے بھی پلی بارگین کی کوشش میں ہے، لوگوں کو عمران خان کی دیانت پر یقین ہے، لوگوں کو یقین ہے عمران خان حالات بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ڈیڑھ ماہ سے بارشوں کے دوران ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے، یہ ٹریک 1861 کا بچھا ہوا ہے اور جب تک یہ ٹھیک نہیں ہوگا لوگ سڑکوں پر مرتے رہیں گے، روزانہ 2 سو لوگ مرے ہیں، ہمارے تین ٹرین حادثات کیا ہوئے ہیں لوگوں نے طوفان کھڑا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرانے اسٹیشنز جن پر 72 سالوں میں سوائے انگریز کے کوئی نہیں گیا ان اسٹیشنز اور ٹریک کو بہتر کریں گے اور ٹریک بہتر ہوگیا تو پھر اسے کوئی آندھی طوفان نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دس ہزار نوکریاں دینے کا مرحلہ جاری ہے جیسے ہی یہ مکمل ہوگا مزید دس ہزار نوکریاں دیں گے، اگر ایل ایم ون مکمل ہوگیا تو لوگوں کو مزید ایک لاکھ نوکریاں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میرا پسندیدہ شہر ہے اور یہاں کے لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں، آج بھی جب ناشتہ کرنے گیا ہوں تو لوگوں نے یہی کہا ہے کہ سائیں یہاں پر نوکریاں نہیں ہیں، پانی نہیں ہے۔

خورشید شاہ کے خلاف نیب تحقیقات کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید نے کہاکہ جن جن لوگوں نے گاجریں کھائی ہیں ان کو نیب کا چورن کھانا پڑے گا اور جو زیادہ چیخ رہے تھے ان کی بولتی بند ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی فاشسٹ کو اب ہم جانے نہیں دیں گے، میری رائے ملک کے 20 کروڑ لوگوں سے مختلف ہے اب مودی کو چھوڑنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم جنگ نہیں کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتے ہیں، جنرل اسمبلی سے یہ مسئلہ حل نہیں ہونا ہے، میں بھی اس جنرل اسمبلی سے خطاب کرچکا ہوں جس سے عمران خان 27 ستمبر کو خطاب کرنے جارہے ہیں، مذاکرات تو بھٹو اور سورن سنگھ میں بھی ہوئے تھے مگر کوئی اثر نہیں نکلا، قومیں غیرت سے زندہ رہتی ہیں، کشمیریوں نے آزادی یا موت میں سے ایک راستہ چن لیا ہے، ہم ان کے لئے خون کے آخری قطرے اور آخری گولی تک لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لال حویلی سے جو کال دیں گے اور اس پر جو عوام روڈ پر نکلیں گے وہ ایک ریکارڈ ہوگا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ موجودہ میڈیا کے دور میں اب کوئی کسی کو دھوکہ نہیں دے سکتا اور کوئی کشمیر کا سودا نہیں کرسکتا، میں نے ڈی جی آئی ایس پی آر اور فردوس عاشق اعوان سے کہا ہے کہ وہ کشمیر میں پاکستانی چینلز کے سگنلز کھولیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ بھارتی سائنسدان اتنے بڑے نہیں کہ خلاء تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے خلاء کا ڈرامہ کیا گیا، ناکام ہوئے، پاکستان کو اپنے سائنسدانوں پر فخر ہے، وقت پر ثابت بھی کردیں گے۔
خبر کا کوڈ : 815068
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش