0
Thursday 12 Sep 2019 21:48

شہر قائد کے تاجروں کی کراچی کو وفاق کے زیر انتظام دینے کی حمایت

شہر قائد کے تاجروں کی کراچی کو وفاق کے زیر انتظام دینے کی حمایت
اسلام ٹائمز۔ کراچی چیمبر آف کامرس نے وزیراعظم کی جانب سے کراچی کو A149 کے تحت وفاق کے زیر انتظام دینے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے صورتحال میں بہتری آئے گی، کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق نائب صدر ادریس میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، جس کا ملک کے مجموعی ریونیو میں 70 فیصد حصہ ہے لیکن وصول ہونے والے ریونیو کے تناسب سے اس بین الاقوامی شہر کو ترقیاتی سرگرمیوں سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہرکی تاجر و صنعتکار برادری کراچی کو وفاق کے زیر انتظام دینے کی تجویز کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یہ فیصلہ اگرچہ تاخیر سے کیا ہے لیکن کراچی کے حالات بہتر بنانے کے لئے یہ ایک درست قدم اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو وفاق کے زیرانتظام کرنے سے شہر کی صورتحال مزید بہتر ہوسکے گی اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہونے کے علاوہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی رفتار بھی تیز ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو کراچی کے تاجروں کی جانب سے جو بھی حمایت درکار ہے ہم فراہم کریں گے، کیوں کہ تاجر برادری کراچی کے مسائل سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
خبر کا کوڈ : 815874
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش