0
Wednesday 18 Sep 2019 09:08

سعودی عرب پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے، لیاقت بلوچ

عسکری اور پارلیمانی قوتیں سعودی عرب کے دفاع کیلئے غیر مشروط اعلان کریں
سعودی عرب پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب میں سعودی عرب کی چند حامی جماعتوں کے قائدین نے پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد کی زیرصدارت ہونیوالے "ارض حرمین پر حملے اور ہماری ذمہ داریاں" کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب پر یمن کے حوثی مجاہدین کے حملے کی مذمت کی۔ سعودی عرب کے حامی رہنماوں نے کہا کہ سعودی عرب پر حملہ عالم اسلام اور عالمی معیشت پر حملہ ہے۔ او آئی سی کا فی الفور اجلاس مکہ مکرمہ میں طلب کیا جائے۔ عسکری اور پارلیمانی قوتیں سعودی عرب کے دفاع کیلئے غیر مشروط اعلان کریں۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ سعودی عرب کی آئل ریفائنری پر حملہ پوری امت اور عالمی معیشت پر حملہ ہے، ہمارے دل حرمین شریفین کیساتھ دھڑکتے ہیں، ایک سازش کے تحت سعودی عرب پر حملے کئے جا رہے ہیں، عالم اسلام مقدس سرزمین کے تحفظ کیلئے متحد ہے۔

سعودی عرب ہمارے ایمانی مراکز حرمین شریفین کی مقدس سرزمین ہے، اس کی حفاظت کو اپنے غیر متزلزل ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے ہر مشکل وقت میں مدد کی، سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر بھی ہمیشہ پاکستانی کی حمایت سعودی عرب کرتا رہا ہے۔ مقررین نے یہ فراموش کر دیا کہ حالیہ کشمیر ایشو پر سعودی عرب نے پاکستان کی بجائے بھارتی موقف کی حمایت کی اور اس مسئلہ کو پاک بھارت کا مسئلہ قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ سعودی عرب مالی امداد اور لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے والا ملک بھی ہے جبکہ مقررین نے سعودی عرب میں قید ہزاروں بے یار و مدد گار پڑے پاکستانیوں کو فراموش کر دیا، جنہیں قانونی امداد دی جا رہی ہے، نہ ہی ان کے کیسوں میں ان کا موقف سنا جاتا ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ یمن میں حوثیوں کی پشتی بانی کو مشرق وسطیٰ میں تباہی کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، حوثیوں کو داعش اور طالبان کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے، سعودی عرب پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے، نوجوان قیادت محمد بن سلمان کیخلاف سازشیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، سعودی عرب کو زیر کرنا عالم اسلام کی تباہی ہوگی، خلیج میں نئی جنگ مسلط کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حرمین کا تحفظ بنیادی ذمہ داری سمجھتے ہیں، عالم اسلام کے مسائل کا حل درد مشترک اور قدر مشترک کی بنیاد پر اتحاد امت ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ امریکہ مذاکرات سے فرار اختیار کرکے افغانستان میں جنگ جاری نہیں رکھ سکتا۔ سیمینار میں مختلف قراردادیں منظور کرتے ہوئے عالم اسلام کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ارض حرمین شریفین پر حملوں، کشمیر و فلسطین پر ریاستی مظالم اور غرب اردن کو ہڑپ کرنے کی تیاریوں کیخلاف او آئی سی کا اجلاس مکہ مکرمہ میں فی الفور طلب کیا جائے۔ جس میں عالم اسلام کے سلگتے مسائل پر لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ سیمینار سے مفتی عاشق بخاری، مفتی انتخاب نوری، مولانا مخدوم عاصم، ہشام الٰہی ظہیر اور دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 816790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش