0
Saturday 21 Sep 2019 13:10

بلوچستان، 2 روز کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 91 مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل

بلوچستان، 2 روز کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 91 مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں ڈینگی وائرس کے وار شروع ہو گئے صوبے کے تین اضلاع میں پچھلے دو روز کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 91 مریض ہسپتالوں میں داخل جنوری سے اب تک صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2618 ہو گئی، نو ماہ کے دوران ڈینگی سے تین افراد جان بحق ہوئے، صوبے میں کانگو وائرس نے بھی رواں سال گیارہ جانیں لے لیں۔ محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں رواں سال اب تک ڈینگی کے 2618 کیسز سامنے آئے ہیں، 1723  کیسز ضلع کیچ 852 کیسز ضلع گوادر سے اور 43 کیسز ضلع لسبیلہ سے آئے ہیں، جن میں سے تین مریض جان بحق ہوئے۔ ان تینوں اضلاع میں پچھلے دو روز کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 91 مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل کئے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں رواں سال کانگو کے 52 مشتبہ کیسز سامنے آئے جن میں 23 میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی، جن میں گیارہ مریض لقمہ اجل بن گئے، صوبے میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر محکمہ صحت نے ضلع لسبیلہ میں ٹیمیں بھجوا دی ہیں، جنہوں نے اپنا کام شروع کردیا ہے محکمہ صحت کے حکام کو توقع ہے کہ ضلع لس بیلہ میں ڈینگی پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا۔ دریں اثناء ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر کمالان گچکی کی زیرصدارت لسبیلا و دیگر اضلاع میں ڈینگی وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اس کے سدباب اور حفاظتی اقدامات کی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے سربراہ ڈاکٹر آصف انور شاہوانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول پروگرام ڈاکٹر خرم بلوچ، FELTP کے ڈاکٹر احسان احمد لارک سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

بعد از ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے ڈی جی ہیلتھ آفس میں میں قائم کردہ ڈینگی سرویلنس سیل کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ ڈینگی سے متاثرہ علاقے لسبیلہ میں امدادی ٹیموں نے اپنا کام شروع کردیا ہے اورانشاءاللہ ڈینگی پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا۔ متعلقہ اضلاع میں ادویات، حفاظتی تدابیر و ڈینگی وائرس کی آگاہی و معلومات کے حوالے سے کتابچے و دیگر آئی سی مٹیریل پہنچا دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی ہدایت کی روشنی میں لسبیلہ کے کے ضلعی ہیلتھ آفیسر سر ڈاکٹر احمد بلوچ نے جام غلام قادر ہسپتال حب لسبیلہ میں ڈینگی آئسولیشن وارڈ قائم کردیا ہے، جہاں پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جائینگی۔ مزید بتایا گیا کہ ڈینگی کی تشخیص، علاج اور دیگر عصرحاضر کی ہم آہنگ معلومات و آگاہی کے لئے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے تکنیکی معلوماتی سیشنز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر کمالان بلوچ نے ملیریا ورٹیکل بارن ڈیزیز کنٹرول پروگرام کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ڈینگی و دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے میں مزید اقدامات اٹھانے پڑیں گے اور محکمہ صحت کو دیگر شہری حکومتوں کا ساتھ درکار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی اور مچھروں کے خاتمے کیلئے اسپرے کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ ڈینگی اور ملیریا سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں، صبح اور شام کے اوقات میں پورے بازوں والے کپڑے اور مچھر کے کاٹنے سے بچاؤ کیلئے استعمال ہونے والے لوشن یا اسپرے کے استعمال کو یقینی بنائیں، گھر محلے دکان کو صاف ستھرا رکھنے میں کردار ادا کریں۔ جن علاقوں میں پانی کھڑا ہوتا ہے ہے انہیں خالی کریں، پانی کی ٹینکی یا دیگر ذخیرہ کرنے والے پانی کے کنستروں یا بالٹیوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔
 
خبر کا کوڈ : 817483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش