0
Wednesday 2 Oct 2019 12:16

کشمیری 72 سال سے حق خودارادیت سے محروم ہیں، جاوید قصوری

کشمیری 72 سال سے حق خودارادیت سے محروم ہیں، جاوید قصوری
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارت اپنی 9 لاکھ فوج کے ذریعے 80 لاکھ لوگوں کشمیریوں کو دائمی طور پر بنیادی حقوق بالخصوص اظہاررائے اور حق خود ارادیت کی آزادی سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ انڈیا کے زیرِ قبضہ کشمیر میں بھارتی فوج نوجوانوں پر بہیمانہ تشدد کر رہی ہے جبکہ کرفیو کے باعث وادی میں جان بچانے والی ادویات اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت پیدا ہو چکی ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، مسلسل کرفیو کیخلاف اور کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلیے 6 اکتوبرکو لاہور میں عظیم الشان تاریخی آزادی کشمیر مارچ ہوگا۔ اس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر منصورہ میں آزادی کشمیر مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ 72برسوں سے کشمیری حق خودارادیت کے منتظرہیں مگربھارت نے اپنی 9 لاکھ فوج کے ذریعے نہتے کشمیریوں کی آزادی کو سلب کر رکھا ہے۔ برھان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے اٹھنے والی تحریک آزادی وادی کے کونے کونے میں پھیل چکی ہے۔ ہندوستانی مظالم اور کرفیوکے باوجود کشمیری عوام سڑکوں پر نکل احتجاج کرتے نظر آتے ہیں، بھارت اگر کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے تو اس میں اصل قصور ان عالمی اداروں اور طاقتوں کا ہے جو مسلمانوں کیساتھ دوہرا معیار اور معاندانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، جب تک ہمارے جسموں میں خون کا ایک بھی قطرہ موجود ہے ہم اپنے مظلوم بھائیوں کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
 
محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور کشمیری عوام بھی دنیا کی دیگر قوموں کی طرح ایک آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ دنیا کو دکھانے کے لیے سیکولرازم کا نعرہ لگانے والی انڈیا کی نسلی عصبیت کا شکار قیادت مسلسل جنوبی ایشیا کے امن کیلئے سنگین خطرہ بنی ہوئی ہے۔ عالمی برادری نے کشمیری اور فلسطینی عوام سے کئی وعدے کیے مگر نہ تو کشمیری عوام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے پاکستان میں شامل ہونے کا حق حاصل کر سکے اور نہ ہی فلسطینیوں کو اسرائیلی تسلط سے چھٹکارہ ملا۔
خبر کا کوڈ : 819576
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش