0
Friday 11 Oct 2019 12:18

تہران، ایرانی طلباء کی جانب سے مسئلہ کشمیر پہ تقریب کا انعقاد

تہران، ایرانی طلباء کی جانب سے مسئلہ کشمیر پہ تقریب کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ایران میں تعینات پاکستان کی سفیر محترمہ رفعت مسعود نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے اور کشمیری مسلمانوں کو 60 روز سے گھروں میں نظربند کر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تہران میں ایران کی یونیورسٹیوں کے طلباء کی انجمن "تحکیم وحدت" نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔ تقریب میں ایران کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے مسئلہ کشمیر پہ روشنی ڈالی اور کشمیری مسلمانوں پہ ہندوستانی فوج کے ظلم و ستم پہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 اگست کے غیر منصفانہ فیصلے سے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی فیصلوں کی نفی کی ہے۔

5 اگست سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی ہے اور اس کے بعد سے تاحال بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے اور کشمیری مسلمانوں کو گھروں میں 60 روز سے نظر بند کر رکھا ہے۔ سفیر نے وزیراعظم پاکستان کے اقوام متحدہ میں تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام عالم پہ زور دیا کہ وہ کشمیر کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے اور کشمیر میں موجودہ حالات میں بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ایرانی طلباء کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور کشمیر میں مسلمانوں پہ بھارتی مظالم کو بیان کیا۔ انہوں نے طلباء پہ زور دیا کہ وہ دنیا بھر میں مسلمانوں پہ ہونے والے مظالم کو اجاگر کریں اور ان کے خلاف آواز اٹھائیں۔
خبر کا کوڈ : 821393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش