0
Friday 11 Oct 2019 19:56

کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہنگامہ آرائی پیدا کرکے حکومت گرائی جاسکتی ہے، نجیب ہارون

کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہنگامہ آرائی پیدا کرکے حکومت گرائی جاسکتی ہے، نجیب ہارون
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے ایم این اے اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کے چیئرمین نجیب ہارون نے کہا ہے کہ ملک کے اندر تمام سیاسی قوتیں باہمی انداز سے حکومت کے ساتھ تعاون کریں، کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ملک بھر میں ہنگامہ آرائی پیدا کرکے حکومت گرائی جاسکتی ہے، حکومت گرانے کے لئے اس قسم کا احتجاج سو فیصد غیر آئینی ہے، کیونکہ اس ملک کا آئین حکومت بدلنے کا ایک ہی راستہ بتاتا ہے اور وہ راستہ صرف اور صرف پارلیمنٹ سے ہوکر گزرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 256 ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی میں حلقے کے کارکنوں سے ہونے والی ملاقات میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، پاکستانی عوام باصلاحیت اور ملک سے محبت کرنے والی قوم ہے، عمران خان کی قیادت میں جمہوری نظام مظبوط ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے اور جلسے جلسوسوں سے ملک کو نقصان کو نقصان ہوگا، اس سے معیشت کو نقصان اور سرمایہ کاروں کو غلط تاثر ملتا ہے، حکومت کو آئے ابھی ایک سال ہی ہوا ہے، لوگ یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی اور دیگر بحران تحریک انصاف کو ورثے میں ملے ہیں جسے ختم کرنے کے لئے ایک عرصہ درکار ہے اور حکومت عوام کو روزگار دینے اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے دن رات سنجیدہ کوششوں میں مصروف ہے۔

نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ معاشی طور پر ایک حساس موقع پر ملک بھر میں دھرنوں کی بات کرنا ملک اور قوم دونوں کے لئے ہی نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دو بڑی جماعتیں فضل الرحمان کے ساتھ ڈبل گیم کھیلنے میں مصروف ہیں، جو انہیں شہہ دے رہے ہیں کہ وہ عمران خان کے خلاف ضرور دھرنا دیں مگر عملی طور پر یہ کسی لحاظ سے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کھڑی دکھائی نہیں دیتیں، مولانا کی سوچ ہے کہ ملک بھر میں ہنگامہ آرائی پیدا کرکے ہی حکومت گرائی جاسکتی ہے، وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کا حق صرف اور صرف قومی اسمبلی کو حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اندرونی چیلنجز کے خاتمے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان مسلسل مسئلہ کشمیر کو لیکر چل رہے ہیں جس کے لئے ہمیں وزیراعظم پاکستان کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 821487
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش