0
Wednesday 16 Oct 2019 19:55

رکشہ ڈرائیوروں کا بھتے کیخلاف احتجاج، جماعت اسلامی بھی شریک

رکشہ ڈرائیوروں کا بھتے کیخلاف احتجاج، جماعت اسلامی بھی شریک
اسلام ٹائمز۔ کراچی کی طرز پر ملتان میں بھی بھتہ خوری کے خلاف رکشہ ڈرائیوروں نے جماعت اسلامی ملتان کے امیر ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی کی قیادت میں کلمہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر رکشہ ڈرائیوروں نے ملتان کے مختلف پبلک مقامات پر بھتہ خوروں کی سرپرستی کرنے پر تھانہ جلیل آباد پولیس کے خلاف نعرے بازی کی، احتجاجی مظاہرے میں چوہدری اطہر عزیز، حافظ عبد الرحمن، مہر عاشق، چوہدری عبد الغنی، شیخ سرفراز، اختر شاہ ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر رکشہ ڈرائیوروں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ جلیل آباد پولیس کی سرپرستی میں عزیز ہوٹل چوک پر بھتہ خور رکشہ ڈرائیوروں سے فی چکر 60 روپے سے 70 روپے تک غیرقانونی وصولی کرتے ہیں جو کہ روزانہ کی بنیاد پر فی کس رکشہ ڈرائیور سے تین سو سے چار سو روپے تک وصولی ہوتی ہے، اگر کوئی رکشہ ڈرائیور بھتہ نہ دے تو جلیل آباد پولیس کے اے ایس آئی جاوید کی سرپرستی میں غریب رکشہ ڈرائیوروں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جو کہ معمول بن چکا ہے، مجھے بھی انہوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور میرا سر پھاڑ دیا، بھتہ خوروں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی بجائے غریب رکشہ ڈرائیوروں پر مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، تھانہ جلیل آباد پولیس مظاہرین کے خلاف درج جھوٹا مقدمہ فی الفور خارج کرے بصورت دیگر رکشہ ڈرائیور سی پی او آفس کے سامنے احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔ جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی سرپرستی میں بھتہ خوروں کی سرپرستی اور کھلم کھلا غنڈہ گردی حکام بالا کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حکام بالا اس سلسلے میں فوری طور پر نوٹس لیں، مظاہرین پر درج جھوٹا مقدمہ خارج کیا جائے، بھتہ خوروں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔

 
خبر کا کوڈ : 822462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش