0
Saturday 19 Oct 2019 19:45

عمران خان کی علماء سے ملاقات کا مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے کوئی تعلق نہیں، فردوس عاشق اعوان

عمران خان کی علماء سے ملاقات کا مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے کوئی تعلق نہیں، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی علما سے ملاقات کا مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مذہب کی آڑ میں کسی کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا، ملاقات میں تمام علما موجود تھے، مولانا تقی عثمانی کشمیر کے بیانیے کے ساتھ ہیں۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت احتجاج کا حق سلب نہیں کررہی، احتجاج سب کا آئینی حق ہے، کسان، ڈاکٹر اور صحافی بھی احتجاج کرتے ہیں مگر کیا، آپ نے کبھی مسلح ملیشیا لٹھ بردار فورس بنائی ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ریاست کے اندر ریاست نہیں بنائی جاسکتی، جہاں جتھہ اور ہلڑ بازی ہورہی ہے وہیں صوبائی حکومتیں بھی اپنی تیاریاں کررہی ہیں، پاکستان کے عوام کو مسلح جتھے کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

دھرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایکشن ہونے تک ری ایکشن نہیں ہوسکتا ہے ابھی تو وہ دیواروں کے اندر پریڈ کرکے ویڈیو اپ لوڈ کررہے ہیں۔ گندم کے مسئلے کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے گندم کا مسئلہ بنا، وزیر اعظم نے گندم کے مسئلہ کا فوری نوٹس لیا ہے، عوام کا درد ہے تو عوام کا درد روٹی سے جڑا ہے، سندھ حکومت نے گندم خریدی ہی نہیں اس وجہ سے یہ صورت حال پیدا ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے اور اس میں کمی لانے کے لیے صوبائی حکومتوں کو اقدامات کرنے کا بھی کہا ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے چکن اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے،  وزیر اعظم نے اس کی قیمت کم کرنے کے لیے ڈیوٹی ٹیکس کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 822969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش