0
Thursday 31 Oct 2019 23:48

پاکستان تحریک انصاف سندھ اسمبلی میں ایک لوکل بارڈی کا قانون لے کر آرہی ہے، فردوس شمیم نقوی

پاکستان تحریک انصاف سندھ اسمبلی میں ایک لوکل بارڈی کا قانون لے کر آرہی ہے، فردوس شمیم نقوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ تیز گام ٹرین حادثے پر بہت افسوس ہوا، ٹرین کی بوگیوں میں آگ لگنے کے باعث قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرا دکھ اور افسوس ہے، اس ریلوے کے سانحہ کا بھی کوئی نہ کوئی  ذمہ دار ضرور ہوگا، ہمارا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ اس افسوسناک واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو سزا دلوائے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم، اراکین سندھ اسمبلی راجہ اظہر، ریاض حیدر، عدیل احمد، ادیبہ عارف حسن، پی ٹی آئی رہنما طاہر ملک، شاہین شیخ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ ہمارے شہر کے مسائل روز بہ روز بڑھتے جارہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف سندھ اسمبلی میں ایک لوکل بارڈی کا قانون لے کر آرہی ہے، اس قانون کے تحت شہر میں ایک پاور فل میئر ہوگا، کے فور کے منصوبے میں تاخیر ہوتی جار ہی ہے، نہ وہاں کام ہورہا ہے اور نہ یہ پتا چل رہا ہے کہ کام کب شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 2008ء کا منصوبہ 2016ء میں شروع کیا گیا، کیا سندھ حکومت سورہی تھی، آج 2019ء میں یہ سامنے آرہا ہے کہ کیا اس منصوبہ کا روٹ درست ہے یا نہیں، کراچی کے لئے سب سے سستا پانی دریائے سندھ سے ہی آسکتا ہے، کراچی میں پانی کی قلت پر ایمرجنسی ٹاسک فورس بنی چاہیئے، سی ایم سندھ سے کہتا ہوں کہ کراچی والوں کے لئے کچھ تو کام کرلو۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں ماس ٹرانزٹ کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، شہر میں پبلک ٹرانس پورٹ نہیں ہے، اویس شاہ نے کہا تھا کہ وہ دو ماہ میں بسیں لارہا ہے وہ بسیں آج تک نہیں آئیں، میں نے چیف منسٹر کو ایک خط میں لکھا ہے کہ کراچی میں بسوں اور دیگر گاڑیوں کا مستقل اسٹینڈ بنایا جائے، اس وقت سندھ حکومت ناکام ہورہی ہے، اگر ایسے ہی چلتا رہا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے، پاکستان تحریک انصاف نے کراچی والوں سے وعدہ کیا تھا کہ ہم کراچی کو بہتر کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 824982
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش