0
Tuesday 5 Nov 2019 19:21

ولادت مصطفے (ص) کی خوشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے، آمد مصطفے سے امن کا بول بالا ہوا، سردار شاکر مزاری

ولادت مصطفے (ص) کی خوشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے، آمد مصطفے سے امن کا بول بالا ہوا، سردار شاکر مزاری
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن ملتان کے زیراہتمام بارہویں سالانہ مشعل بردار میلاد ریلی دولت گیٹ چوک سے شروع ہوئی، مشعل بردار میلاد ریلی کی قیادت مرکزی نائب ناظم اعلی سردار شاکر مزاری، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی، معصوم میاں حامد نقشبندی، ضلعی صدر یاسر ارشاد دیوان، سرپرست تحریک مخدوم شہباز ہاشمی، ناظم احسان سعیدی، ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک میجر محمد اقبال چغتائی، مرکزی رہنما راو محمد عارف رضوی، صدر متحدہ میلاد کونسل مرزا ارشدالقادری، رکن الدین ندیم حامدی سمیت تحریک منہاج القرآن اور متحدہ میلاد کونسل کے قائدین نے کی۔ میلاد ریلی میں علامہ سعید احمد فاروقی، محمد ایوب مغل، راو عبدالقیوم شاہین، شہزاد فیصل ارائیں کے علاوہ کثیر تعداد میں عشاقانِ رسول نے شرکت کی۔ مشعل بردار میلاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکرمزاری اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ اللہ پاک نے اپنے حبیب(ص)کو ہمارے درمیان مبعوث فرما کر احسان عظیم فرمایا، یہی وجہ ہے کہ ولادت مصطفے (ص)کی خوشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے، پوری امت مسلمہ اس خوشی کو منانے کا خصوصی اہتمام کرتی ہے، تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں اپنے پیارے نبی (ص) کی ولادت کا جشن منفرد انداز میں مناتی ہے، صاحبزادہ معصوم میاں حامد نقشبندی، ضلعی صدر یاسر ارشاد اور میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا کہ تاجدار کائنات کی آمد سے ظلم وستم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوا، معاشرے کے مظلوم اور کمزور طبقات کو سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا، جہالت کے اندھیرے علم کی روشنی میں تبدیل ہوگئے۔

جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی صدر ایوب مغل، علامہ سعید احمد فاروقی اور ڈاکٹر اکمل مدنی نے کہا کہ تاجدار کائنات کی آمد سے زمانہ مساوات پر مبنی نئے  نظام سے آشنا ہوا، جس میں آقا و غلام کی تمیز ختم ہوگئی، امیر و غریب، بادشاہ و فقیر ایک ہی صف میں کھڑے نظر آئے، تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راو عبدالقیوم شاہین، متحدہ میلاد کونسل کے صدر مرزا ارشدالقادری اور رکن الدین ندیم حامدی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغِ عشق رسول کی سب سے بڑی تحریک ہے، جو نہایت منظم انداز میں پوری دنیا میں حضور کے عشق کی شمعیں روشن کررہی ہے، مخدوم شہباز ہاشمی اور راو محمد عارف رضوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری سفیر عشق رسول ہیں، جنہوں نے نوجوان نسل کے دلوں میں عشق رسول کی مشعلیں روشن کیں، مشعل بردار میلاد ریلی کے شرکاء نے مشعلیں اٹھا کر حضوراکرم(ص)کی آمد کے حوالے سے نعتیں پڑھتے ہوئے ریلی میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 825765
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش