0
Sunday 17 Nov 2019 20:59

مسلم امہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، متحدہ علماء محاذ

مسلم امہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، متحدہ علماء محاذ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر بسلسلہ ہفتہ وحدت 14واں سالانہ وحدت امت سیرت مصطفیٰﷺ کی روشنی میں سیمینار جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو کی زیر صدارت گلشن اقبال کراچی میں واقع مرکزی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام و مشائخ عظام نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی ذات اقدس ہی نقطہ اتحاد ہے، آج امت مسلمہ جس زبوں حالی کا شکار ہے، اس سے نکلنے کیلئے مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی بحالی اور سامراجی قوتوں کی سرکوبی کیلئے شجاعت رسولؐ مشعل راہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ فلسطین و کشمیر، برما، شام، یمن و دیگر ممالک میں مسلمانوں کو مظالم سے نجات و آزادی اور دین و ایمان کے تحفظ کیلئے مسلم امہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

مقررین نے کہا کہ مسلم حکمراں اپنی علیحدہ مشترکہ اسلامی فوج، کرنسی، تجارتی منڈی تشکیل دیں اور استعماری قوتوں کے خلاف وحدت کا عملی مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب و ایران کے مابین تنازعات میں مصالحانہ کردار ادا کرے اور اپنی آزادانہ غیر جانبدار دوٹوک پالیسی تشکیل دے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے پس پردہ امریکی، اسرائیلی و بھارتی عزائم کسی صورت قبول نہیں، موجودہ بدترین حالات میں حکومت حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ سیمینار کے اختتام پر کشمیری و فلسطینی مسلمانوں اور افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور ملکی امن و استحکام کیلئے علامہ عبدالخالق فریدی نے خصوصی دعا کرائی۔
خبر کا کوڈ : 827856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش