0
Tuesday 19 Nov 2019 11:06

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہوگئے

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہوگئے
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہوگئے۔ نواز شریف قطری ائیرایمبولینس اے 7 ایم ای ڈی پر براستہ دوحہ لندن روانہ ہوئے۔ شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان بھی سابق وزیراعظم کے ہمراہ  ہیں۔ ایئرایمبولینس براستہ دوحہ شام 6 بجے لندن پہنچے گی۔ ائیرایمبولینس میں آئی سی یو، آپریشن تھیٹر کی سہولت بھی موجود ہے۔ سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں برقرار رہے گا۔ وہ علاج کروانے کے بعد وطن واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں گے۔ روانگی سے قبل ڈاکٹرز نے نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو سٹیرائیڈ کی ہائی ڈوز اور ادویات دی گئی ہیں تاکہ سفر میں انہیں کوئی مسئلہ نہ ہو۔
 
مریم اورنگزیب نے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نواز شریف کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کریں۔ لیگی رہنما پرویز رشید نے میڈیا سے  گفتگو کرتے  ہوئے کہا کہ نواز شریف کوعدالت عالیہ نے جانے کی اجازت دی ہے، بیماری پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ پرویز رشید نے کہا کہ آج کے دن کسی پر تنقید نہیں کریں گے، سابق صدر سے بھی وہی سلوک ہونا چاہیے جس کے وہ مستحق ہیں، سمجھ نہیں آئی لیگی رہنماؤں سے ایسا سلوک کیوں کیا گیا۔ پرویز رشید نے کہا کہ آصف زرداری کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہ چیز سمجھ سے باہر ہے کہ حکومت انہیں انتقام کا نشانہ کیوں بنا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 828006
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش