0
Wednesday 4 Dec 2019 09:57

مسلم لیگ (ن ) کا ملک بھر میں ورکرز کنونشن کا اعلان، کمیٹی قائم کر دی گئی

مسلم لیگ (ن ) کا ملک بھر میں ورکرز کنونشن کا اعلان، کمیٹی قائم کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس سیکرٹری جنرل احسن اقبال کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، جس میں مرکزی عہدیداروں سمیت صوبائی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی، اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری، قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی، تنظیمی معاملات، حکومت کے ساتھ تعلقات جیسے امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن ارکان کے تقرر کے لئے حکومت کی طرف سے کوئی غیر جانبدار، دیانتدار اور سٹینڈ لینے والی شخصیت کا نام آیا تو اس کی غیر مشروط حمایت کی جائے گی، جبکہ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق 30 دسمبر کو یوم تاسیس کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں مقامی تنظیموں کو یوم تاسیس کے انعقاد کی ہدایت کی گئی ہے۔ پارٹی کو بیرون ملک متحرک کرنے کے لئے دنیا کے تمام ممالک جہاں تنظیمیں موجود ہیں ان کے عہدیداروں کو پاکستان طلب کیا گیا ہے، ان سے رابطے کی ذمہ داری اوورسیز کے جنرل سیکرٹری نورالحسن تنویر کو سونپی گئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف اور شہباز شریف کی عدم موجودگی میں پارٹی کو متحرک کرنے اور کارکنوں کے ساتھ رابطے بڑھانے کی حکمت عملی طے کر لی ہے، ملک بھرمیں ورکرز کنونشن ہونگے، 30 دسمبر کو یوم تاسیس، 24 جنوری کو بہاولپور ڈویژن کے زیر اہتمام بڑا جلسہ جبکہ 21 فروری کو اوورسیز کنونشن ہوگا۔

پارٹی کی ذیلی تنظیموں، وکلا، خواتین، تاجر، طلبا، مزدور، کسان ونگز کو فعال اور ایم ایس ایف کو بحال کیا جائے گا، ورکرز کنونشن سے خطاب اور شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلئے احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ آصف اور ایاز صادق پر مشتمل کمیٹی بنادی گئی۔ کمیٹی مشاورت کے بعد ورکرز کنونشن کاشیڈول ترتیب دیگی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت طلبا تنظیموں کی بحالی کا فیصلہ کرتی ہے تو اس کی حمایت کی جائے گی، جبکہ کاشانہ سکینڈل پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر شدید احتجاج کیا جائے گا، اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) سپریم کورٹ سے از خود نوٹس کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ صوبائی وزیر اجمل چیمہ کو آڑے ہاتھوں لے گی۔
خبر کا کوڈ : 830661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش